Feb ۲۴, ۲۰۲۰ ۱۲:۲۱ Asia/Tehran
  • چین اور دوسرے ممالک میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ

چین اور دنیا کے دوسرے ممالک میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کی جانب سے آج پیر کو جاری  ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چین میں وبا کی شکل اختیار کر چکے کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 2592 اور متاثرین کی تعداد 77150 ہو گئی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق اب تک 23092 مریض اس وبا سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔

ادھر جنوبی کوریا کی حکومت  کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس میں مزید 161 افراد مبتلا ہو گئے ہیں اس طرح اس ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد تقریبا 763 ہو گئی ہے، جبکہ اس مہلک وائرس سے اب تک سات افراد کی موت ہو چکی ہے۔

دوسری جانب اٹلی میں اتوار تک کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 152 ہو گئی  اور ملک میں کورونا وائرس سے اب تک تین افراد کی موت ہو چکی ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے ترجمان اسداللہ عباسی نے کہا کہ ایران کے وزیر صحت سعید نمکی نے آج بروز پیر پارلیمنٹ میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں کورونا وائرس میں 47 افراد مبتلا ہیں جبکہ 12 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں اور موسم گرما میں کورونا وائرس کا خاتمہ ہوجائےگا۔ انھوں نے کہا کہ کچھ افراد چین، پاکستان اور افغانستان سے ایران آئے جس کی وجہ سے کورونا وائرس پھیل گیا۔

غیر ملکی ذرائع کے مطابق فلو وائرس کے نتیجے میں گذشتہ 4 ماہ میں امریکہ میں 12000 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ جبکہ کورونا وائرس میں اب تک چین اور دوسرے ممالک میں 2614 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

ٹیگس