کورونا سے اٹلی میں 148 اور امریکہ میں 12 ہلاک
کورونا تیزی کے ساتھ دنیا کے دیگر ممالک میں پھیل رہا ہے اور اب تک 81 ممالک اس کا شکار ہوئے ہیں۔
آئی آر آئی بی کی رپورٹ کے مطابق اٹلی کی حکومت نے کل رات اعلان کیا کہ کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 148 جبکہ اس وبا سے متاثرین کی تعداد 3858 ہوگئی ہے اور 769 مزید افراد اس میں مبتلا ہوئے ہیں۔
اٹلی کا شمالی علاقہ کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔
دوسری جانب امریکہ میں بھی کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے اور واشنگٹن میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 11 ہو گئی ہے جبکہ کیلیفورنیا میں ایک شخص ہلاک ہوا ہے۔
ادھر کورونا وائرس کے پھیلنے کے اندیشے کی وجہ سے ہندوستان کے دارالحکومت دہلی میں سبھی پرائمری اسکولوں کو اکتیس مارچ تک کے لئے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے کورونا وائرس کے سبب اپنا یورپی یونین کا دورہ منسوخ کردیا ہے۔
اسی کے ساتھ اعلان کیا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے سبب ہندوستانی پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس وقت سے پہلے ہی ختم ہوسکتا ہے۔
پوری دنیا میں کورونا کے انفیکشن سے متاثر لوگوں میں سے اب تک تقریبا 54 ہزار لوگوں کو اس سے نجات دلائی گئی ہے ۔ ڈبلیو ایچ او اور چین کی جانب سے مشترکہ طور پر تیار کی گئی ایک اور رپورٹ کے مطابق اس وائرس سے بزرگوں کے مقابلے میں نوجوان کم تعداد میں متاثر ہوئے ہیں ۔
واضح رہے کہ امریکا میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 21 جنوری کو سامنے آیا تھا۔