افریقہ میں کورونا وائرس کی آہٹ
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق براعظم افریقا کے 54 میں سے 23 ممالک میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔
فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق نمیبیا، روانڈا، اسواتینی اور موریتانیہ میں ہفتے کو کورونا کیسز سامنے آئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تمام متاثرین بیرون ملک سے سفر کر کے واپس آئے تھے۔
افریقی حکومتیں اور صحت عامہ سے متعلقہ ادارے وائرس کی روک تھام کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ بر اعظم افریقہ کی 1.3ارب آبادی کو صحت کے کمزور انفرااسٹرکچر کی وجہ سے شدید خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔
نمیبیا میں اسپین سے آنے والے دو متاثرین کی تصدیق کے بعد 21 مارچ کو ملک میں آزادی کی تقریبات منسوخ کردی گئیں۔ موریتانیہ میں بھی حفاظتی اقدامات کے پیش نظر تعلیمی ادارے بند کردیے گئے ہیں اور عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
ہفتے کو جنوبی افریقہ میں 14 نئے کیسز کی تصدیق کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 38 ہوگئی۔ جنوبی افریقا کی فوج نے ووہان چین میں موجود 121طلبا کو ملک واپس لانے کی منصوبہ بندی مکمل کرلی ہے۔
ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ افریقی ممالک کے اسپتالوں میں بڑی تعداد میں نگہداشت اور وینٹی لیٹر کی سہولیات دست یاب نہیں ہیں اس لیے خدشہ ہے کہ وائرس کے پھیلاؤ کے باعث خطے میں زیادہ جانی نقصان ہوسکتا ہے۔
گزشتہ دنوں بل گیٹس نے بھی ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ براعظم افریقہ میں صحت عامہ کا نظام کورونا کا مقابلہ کرنے کا متحمل نہیں، اگر وائرس وبا کی صورت میں پھیل گیا تو ایک کروڑ ہلاکتیں ہوسکتی ہیں۔
چین کے صوبہ ہبوئی کے دارالحکومت ووہان سے شروع ہونے والا خوفناک کورونا وائرس اب تک دنیا کے 151 کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے اور اس سے متاثر 5833 افراد کی موت ہو چکی ہے جبکہ مجوعی طور پر 155086 افراد اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں۔