Mar ۳۰, ۲۰۲۰ ۲۲:۲۸ Asia/Tehran
  • دنیا سے اچھی خبر، کورونا کا زور ٹوٹ رہا ہے

کورونا وائرس نے جہاں پوری دنیا میں تباہی مچا رکھی ہے وہیں اس درمیان کچھ پرامید خبریں بھی موصول ہو رہی ہیں۔

اسپین سے اطلاع آ رہی ہے کہ تازہ اعداد و شمار سے ہلاکتوں میں کسی حد تک کمی واقع ہوئی ہے۔ اسپین میں پیر کو گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 812 اموات ہوئیں جبکہ اتوار کو 24 گھنٹے میں 838 افراد نے دم توڑ دیا تھا۔

اسپین میں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 7340 ہوگئی ہے جبکہ متاثرین کی مجموعی تعداد 85 ہزار سے زائد پہنچ گئی ہے۔ 17 ہزار افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔

دوسری جانب کورونا وائرس کے خلاف مہم میں سرگرم اسپین کے ایمرجنسی ہیلتھ کمیش کے سربراہ بھی کورونا کا شکار ہوگئے۔

اسپین کی حکومت نے کورنا وائرس سے نمٹنے کے لیے خصوصی ہیلتھ کمیشن بنائی تھی جو مسلسل وزیر اعظم سمیت دیگر اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ رابطے میں رہنے سمیت ہسپتالوں اور ماہرین صحت سے رابطے میں تھی۔

ایمرجنسی ہیلتھ کمیشن کے سربراہ 57 سالہ فرنانڈو سائمن گزشتہ کئی ہفتوں سے کورونا وائرس کے حوالے سے انتہائی متحرک تھے۔

فرنانڈو سائمن کو کورونا وائرس سے متعلق کچھ علامات ظاہر ہوئیں تو انہوں نے اپنا ٹیسٹ کروایا جو کہ مثبت آیا ۔

اس سے پہلے اسپین سے ایک المناک خبر موصول ہوئی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ کورونا وائرس میں مبتلا اسپین کی 86 سالہ شہزادی زندگی کی بازی ہار گئیں۔

ماریہ ٹیریسا پیرس میں زیر علاج تھیں اور وہیں ان کا انتقال ہوا۔

دوسری جانب برطانیہ میں بائیولوجی کے ماہرین نیل فرگوسن نے جو لندن امپریل کالج کے پروفیسر ہیں، پیر کو کہا کہ برطانیہ میں کورونا وبا کی رفتار آہستہ ہونے کے اشارے مل رہے ہیں۔

برطانوی سائنس داں کا کہنا تھا کہ تقریبا 40 فیصد متاثرین ایسے ہیں جن میں کورونا سمپٹزم ظاہر نہیں ہوئے، اس کا مطلب یہ ہے کہ اس وبا کا زور ٹوٹ رہا ہے لیکن انہوں نے ساتھ میں یہ بھی کہا کہ یقینی نتیجہ برآمد ہونے کے لئے ابھی مزید تحقیقات کی ضرورت ہے۔

ٹیگس