Apr ۰۲, ۲۰۲۰ ۱۱:۳۰ Asia/Tehran
  • دنیا بھر میں کورونا نے تباہی مچا دی، 46 ہزارافراد ہلاک

دنیا کے تقریبا تمام ممالک میں پھیل چکے اس خطرناک وائرس کا قہر تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے ۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران، کورونا وائرس نامی وبا کی لپیٹ میں آنے والے ممالک برطانیہ اور اسپین میں اب تک کی سب سے زیادہ اموات کی تصدیق ہوئی ہے۔

بدھ کے روز اسپین میں کورونا وائرس سے اب تک کی سب سے زیادہ 9053 ہلاکتیں ہوئیں جس کے بعد مجموعی اموات 9 ہزار سے تجاوز کرگئیں جب کہ مزید نئے کیسز سامنے آںے کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 2 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے برطانیہ میں 563 افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 23 سو 52 ہو چکی ہے اور 4 ہزار 324 مزید کیسز کی تصدیق کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 29 ہزار 474 تک ہو گئی ہے۔

فرانس میں بھی کورونا وائرس قابو سے باہر ہو گیا، گزشتہ روز اس ملک میں کورونا سے 509 افراد ہلاک ہو گئے۔

فرانس کی حکومت نے خصوصی ٹرینوں کا انتظام کرکے ہنگامی بنیادوں پر مریضوں کو دور دراز علاقوں اور جرمنی کے اسپتالوں میں منتقل کر دیا، فرانس میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 4032 تک جا پہنچی۔ فرانس نے لاک ڈاؤن کی مدت 15اپریل تک بڑھا دی۔

ہالینڈ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جان لیوا کورونا وائرس  سے 134 افراد کی موت ہو گئی ہے اور 1019 نئے کیسز کے بعد ملک میں متاثرین کی تعداد بڑھ کر 13614 تک پہنچ گئی ہے۔

جنوبی امریکی ملک برازیل میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مہلک کورونا وائرس کے ایک ہزار نئے کیسز درج کیے گئے ہیں جس کے بعد ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد بڑھ کر 6836 ہو گئی اور اب تک تقریبا 241 افراد کی اس وائرس سے موت ہو گئی ہے۔

اقوام متحدہ کےسیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اس وباء کو دوسری عالمی جنگ  کے بعد دنیا کےلیے سب سے بڑا خطرہ قرار دیا۔اقوام متحدہ نے کم اور درمیانی آمدنی والے ممالک کے لیےعالمی فنڈ قائم کیا کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔

دوسری جانب عالمی بینک نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کورونا وائرس وبا سے جنم لینے والے معاشی بحران کے باعث ایشیا میں مزید 1 کروڑ10 لاکھ افراد غربت کی لکیر سے نیچے جا سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ دنیا میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتیں 46 ہزار سے تجاوز کر گئیں اورمریضوں کی تعداد 9 لاکھ 21 ہزار ہوچکی ہے تاہم 1 لاکھ 93 ہزار 350 متاثرین صحت یاب ہوگئے ہیں جب کہ 34 ہزار مریضوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

ٹیگس