Apr ۱۷, ۲۰۲۰ ۱۲:۵۵ Asia/Tehran
  • کورونا کے موقع پر بچوں کی حفاظت کی جائے: اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے دنیا بھرمیں کورونا کے پھیلاؤ اور کساد بازاری کے سبب لاکھوں بچوں کی جان کو لاحق خطرات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

بچوں کے عالمی فنڈ یونیسیف کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے سیکریٹری جنرل انتونیو گوترس کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں کورونا کی وجہ سے کساد بازاری میں اضافہ ہو رہا ہے جس کے سبب لاکھوں بچوں کی جان کو خطرہ ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے مطابق اسکول کے بچے روزانہ اسکول لنچ سے حاصل غذائیت پر انحصار کرتے ہیں، اسکول بند ہونے کی وجہ سے 31 کروڑ بچوں کی صحت، غذائیت کی کمی کی وجہ سے خراب ہو سکتی ہے۔

انتونیو گوٹریس کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے بڑھتی ہوئی عالمی کساد بازاری سے خاندانوں میں کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے بچوں کی صحت کو یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آمدنی میں کمی کے باعث غریب خاندانوں کو صحت اور غذائی اشیا سے متعلق اخراجات میں کمی پر مجبور ہونا پڑا ہے، جس سے بچے، حاملہ خواتیں اور دودھ پلانے والی ماؤں کی صحت سب سے زیادہ متاثر ہو رہی ہے۔

انہوں نے عالمی رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ کورونا کے ضمنی اثرات کو کم کرنے کے لیے اپنی پوری توانائیاں بروئے کار لائیں۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 21 لاکھ 82 ہزار 823 ہو چکی ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں 1 لاکھ 45 ہزار 551 تک جا پہونچی ہیں۔

 

ٹیگس