Apr ۱۸, ۲۰۲۰ ۱۹:۳۶ Asia/Tehran
  • ٹرمپ کو اب جاگ جانا چاہئے: نیویارک گورنر

امریکا میں کورونا کے بحران سے نمٹنے میں ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کی نا اہلی پر شدید تنقیدوں کا سلسلہ جاری ہے. اس درمیان نیوریاک کے گورنر نے ٹرمپ کو جاگنے کا مشورہ دیا ہے جبکہ صدارتی انتخابات کے امیدوار جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ ٹرمپ نے امریکا کو کورونا کے خطرے سے دوچار کیا ہے۔

امریکا میں کورونا کے بحران سے نمٹنے میں ٹرمپ اور ان کی حکومت کی نا اہلی اور بد انتظامی پر پورے ملک میں شدید ناراضگی پائی جا رہی ہے- اس درمیان کورونا سے سب سے زیادہ متاثر نیوریاک کے گورنر نے صدر ٹرمپ کے لفظی حملوں کے جواب میں کہا ہے کہ ٹرمپ کو چاہئے کہ اب وہ بیدار ہوجائیں اور میدان عمل میں اتریں-

نیویارک کے گورنر آندرہ کومو نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کو چاہئے کہ وہ خواب غفلت سے بیدار ہوجائیں اور صرف ٹیلی ویژن دیکھنے کے بجائے میدان عمل میں اتریں-

اس سے پہلے ٹرمپ نے اپنے ٹویٹر پیج پر لکھا تھا کہ نیویارک کے گورنر کو چاہئے کہ وہ کام میں زیادہ وقت دیں اور اپنا وقت گلہ شکوہ اور باتیں کرنے میں صرف نہ کریں-

دونلڈ ٹرمپ نے دعوی کیا ہے کہ انکی حکومت نے نیویارک ریاست کو دیگر سبھی ریاستوں کے مقابلے میں زیادہ مدد دی ہے- نیوریارک کے گورنر نے چند روز قبل کہا تھا کہ امریکا کی فیڈرل حکومت کو معلوم تھا کہ ایک دن کورونا وائرس امریکا بھی پہنچے گا، لیکن ٹرمپ انتظامیہ نے بہت تاخیر سے کام شروع کیا جس کے سبب امریکا میں ایک انسانی المیہ رونما ہو رہا ہے-

دوسری جانب امریکا میں صدارتی انتخابات کے امیداوار جو بائیڈن نے بھی کورونا سے نمٹنے میں ٹرمپ اور ان کی حکومت کی نا اہلی پر شدید تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ امریکا میں موجودہ صورتحال اور ملک کو خطرے سے دوچار کرنے کے ذمہ دار ٹرمپ ہیں- جو بائیڈن نے کورونا کا مقابلہ کرنے کے لئے ٹرمپ انتظامیہ کے اقدامات کو ناکافی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ نے ماہرین صحت اور انٹیلیجنس ایجنسیوں کے انتباہات کو سنجیدگی سے نہیں لیا-

آئندہ صدارتی انتخابات کے حریف نے کہا کہ اس وقت بھی ٹرمپ انتظامیہ کرونا وائرس کی روک تھام کرنے والے اقدامات میں خاصی کمی برت رہی ہے۔

تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق امریکا میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران مزید ہزاروں افراد کورونا میں مبتلا ہوئے جس کے بعد کووڈ نائینٹین کے متاثرین کی مجموعی تعداد سات لاکھ دس ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ متاثرین میں سے اب تک سینتیس ہزار ایک سو پچھتر افراد اپنی جان بھی گنوا چکے ہیں جبکہ صحتیاب ہونے والوں کی کل تعداد ترسٹھ ہزار پانچ سو دس بتائی گئی ہے۔

اس وقت امریکہ کورونا متاثرین اور مرنے والوں کی تعداد کے لحاظ سے دنیا میں پہلے نمبر پر ہے اور وہاں روز بروز حالات بگڑتے جا رہے ہیں۔ کورونا کی وسیع پیمانے پرتباہی کو دیکھتے ہوئے امریکہ کی سبھی پچاس ریاستوں میں، ہنگامی صورتحال سے ایک قدم اور آگے بڑھتے ہوئے انتہائی المناک صورتحال کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

ٹیگس