چین پر کورونا پھیلانے کا الزام، امریکا میں مقدمہ درج
چین نے بدھ کے روز امریکی ریاست میسوری کی جانب سے کوویڈ ۔19 کے خلاف دائر مقدمہ کو "احمقانہ اور خودمختاری کی خلاف ورزی" قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔
اس قانونی چارہ جوئی میں ، چین پر کورونا وائرس سے متعلق اطلاعات کو چھپانے اور اس کے خلاف خبردار کرنے والوں کو گرفتار کرکے دنیا کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
اس طرح کا پہلا مقدمہ مشرقی ریاست میسوری کی ایک عدالت میں میسوری کے اٹارنی جنرل ایرک شمٹ کے ذریعہ چینی حکومت، حکمران چینی کمیونسٹ پارٹی اور دیگر چینی عہدیداروں اور اداروں کے خلاف دائر کیا گیا ہے۔
اس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے ابتدائی حساس ہفتوں میں چینی حکام نے عوام کو دھوکہ دیا، اہم معلومات خفیہ رکھیں، ان افراد کو گرفتار کیا جنہوں نے اطلاعات عام کیں۔ پختہ ثبوت ہونے کے باوجود انسان سے انسان میں انفیکشن کی بات کا انکار کیا، اہم طبی تحقیقات کو تباہ کیا، لاکھوں افراد کو انفیکشن کا شکار ہونے کا سبب بنا۔