May ۰۵, ۲۰۲۰ ۱۹:۵۴ Asia/Tehran

آسٹریا کے مشہور مکس مارشل آرٹس فائٹر ول ہیلم اوٹ نے کورونا وائرس کے بحران کے دوران سچ کو تلاش کرتے ہوئے اسلام قبول کرنے کا اعلان کیا ہے جس سے دنیا میں ہنگامہ مچ گیا ہے۔

آسٹریا کے مشہور پہلوان ول ہیلم اوٹ نے انسٹاگرام پر اپنا ایک ویڈیو اپلوڈ کیا ہے جس میں وہ قرآن مجید کے سورۂ فاتحہ کی تلاوت کر رہے ہیں۔ مکس مارشل آرٹس میں سابق یورپی چیمپیئن نے گزشتہ ماہ سوشل میڈیا پر اعلان کیا تھا کہ وہ اسلام قبول کر رہے ہیں۔ ویل ہیلم اوٹ نے اب اپنا نام خالد رکھ لیا ہے۔

اس سے قبل بھی انھوں نے انسٹاگرام پر کلمہ پڑھتے ہوئے اپنی ایک ویڈیو کلپ اپ لوڈ کی تھی۔ ول ہیلم نے یہ بھی کہا کہ کورونا بحران نے انھیں ایک بہت اچھا موقع فراہم کیا اور اس دوران وہ خود کو نئے سرے سے پہچان سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کئی سال سے اسلام کے بارے میں سوچتے رہے ہیں لیکن اس سلسلے میں اب تک کوئی بڑا فیصلہ نہیں کرسکے تھے۔ ول ہیلم یا خالد کہتے ہیں کہ کورونا بحران کے وقت اسلام نے انھیں بڑی طاقت دی، اب ان کا ایمان بہت مضبوط ہے، اب وہ خدائے واحد کو پہچان سکتے ہیں، کلمہ پڑھ سکتے ہیں اور فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ میں مسلمان ہوں۔

واضح رہے کہ سینتیس سالہ ول ہیلم اوٹ کو کورونا وائرس کے سبب قرنطینہ میں رہنا پڑا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے خود پر سیاسی چیزوں کو حاوی نہیں ہونے دیا اور جب وہ مشکل وقت سے گزر رہے تھے تو اسلام پر ایمان نے انھیں قوت و مضبوطی فراہم کی۔

ٹیگس