امریکہ بے بنیاد الزامات سے باز رہے: چین
چین کے دفتر خارجہ کی ترجمان نے کورونا وائرس کے بارے میں بیجنگ کے خلاف امریکی وزیر خارجہ کے بار بار کے دعوؤں پر اپنے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوآ چونینگ نے کورونا وائرس کے بارے میں امریکی وزیر خارجہ کے دعوے پر رد عمل میں کہا ہے کہ ان کے دعوے کی، خود متعدی امراض کے امریکی ماہر فاؤچی نے بھی تردید کی ہے۔
چینی دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ امریکہ کو چاہئے کہ چین کے خلاف بے بنیاد دعوؤں سے باز آجائے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ نے مختلف مسائل منجملہ کورونا اور بیالوجیکل لیبارِٹریز کے بارے میں شفاف عمل نہیں کیا ہے جبکہ چین نے کورونا کے بارے میں اطلاعات فراہم کرنے میں بالکل شفاف اور اعلانیہ عمل کیا اور وہ صحت کے بین الاقوامی قوانین کی بنیاد پر عالمی ادارہ صحت کی تحقیقات کی حمایت کرتا ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں، کورونا سے مقابلے میں اپنی ناکامی و ناتوانی کی پردہ پوشی کے لئے امریکی حکام چین کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کرتے رہے ہیں۔