کورونا کی شدت میں تبدیلی کے شواہد موجود نہیں ہیں: عالمی ادارۂ صحت
عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او نے کہا ہے کہ اس طرح کے شواہد موجود نہیں ہیں کہ کورونا وائرس کی شدت میں کوئي تبدیلی آئي ہے۔
العالم ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق عالمی ادارۂ صحت کے ماہرین میں سے ایک نے پیر کے روز زور دے کر کہا کہ کورونا وائرس کی منتقلی کے طریقوں یا اس کی شدت میں تبدیلی آنے کی کوئي علامت نظر نہیں آئي ہے۔ ڈبلیو ایچ او کی وائرولوجسٹ ماریا وون کرکوف نے ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ اس وقت تک کورونا وائرس میں کسی بھی طرح کی تبدیلی نظر نہیں آئي ہے، چاہے وہ اس کے پھیلاؤ کی شدت سے متعلق ہو یا اس کے دوسروں تک منتقل ہونے کے بارے میں ہو۔
انھوں نے کہا کہ دوسروں تک منتقلی کی قابلیت کے لحاظ سے اس وائرس میں ہمیں اب تک کوئي تغیر دکھائي نہیں دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ جو چیز اہم ہے وہ یہ ہے کہ ہم نے کچھ ایسے اقدامات کیے ہیں جو کورونا وائرس کی منتقلی کو روک رہے ہیں۔