امریکہ میں جاری تشدد پر برطانوی حکومت اپنا موقف واضح کرے
برطانیہ کی سیاسی جماعتوں نے ملک کے وزیر اعظم پر زور دیا ہے کہ وہ امریکہ میں جاری تشدد کے خلاف واضح موقف اختیار کریں۔
ذرائع کے مطابق لیبرل ڈیموکریٹ پارٹی کے سربراہ اڈوارڈ جاناتھن ڈیوی نے برطانوی وزیر اعظم بوریس جانسن کے نام ایک مراسلہ تحریر کر کے ان سے مطالبہ کیا کہ وہ امریکہ میں مظاہرین کے خلاف سیکیورٹی فورسز کے تشدد کی کھل کر مذمت کریں۔
جاناتھن ڈیوی نے مزید لکھا کہ اگر اس قسم کے اقدامات امریکہ کے علاوہ اور کسی ملک میں انجام پا رہے ہوتے تو برطانوی حکومت نہ صرف یہ کہ اس کی مذمت کرتی بلکہ اس کے ساتھ ساتھ تشدد کو رکوانے کے لئے اپنے سفارتی ذرائع کو بھی استعمال کرتی۔
دوسری جانب برطانیہ کے وزیر برائے عالمی تجارت املی تھارن بری نے بھی وزیر اعظم جانسن کے نام ایک مراسلہ ارسال کر کے یہ مطالبہ کیا ہے کہ امریکہ میں مظاہرین کی سرکوبی کے لئے برطانوی وسائل کے استعمال کے تعلق سے تحقیقات کی جائیں۔
اس کے علاوہ لیبر پارٹی کے سربراہ کی یر اسٹارمر نے بھی حکومت سے یہ ضمانت دینے کو کہا ہے کہ برطانیہ سے امریکہ برآمد ہونے والے جنگی ساز و سامان مظاہرین کے خلاف استعمال نہیں ہوگا۔
واضح رہے کہ امریکہ میں نسلی امتیاز کے خلاف لندن میں بھی مظاہرے ہوئے۔
خیال رہے کہ ان دنوں امریکہ میں نسل پرستی، ریاستی دہشتگردی اور پولیس کے ظلم و تشدد کے خلاف ملک گیر مظاہرے ہو رہے ہیں جن کا سلسلہ پچیس مئی کو ایک سفید فام پولیس افسر کے ہاتھوں ایک سیاہ فام امریکی شہری کے بہیمانہ قتل کے بعد شروع ہوا۔ امریکی صدر نے مظاہرین کے مطالبے پر کان دھرنے کے بجائے ان کی سرکوبی کے لئے سیکورٹی فورسز کو کھلی چھوٹ دے دی ہے جس پر انہیں اندرون ملک کے علاوہ عالمی سطح پر بھی سخت تنقید کا سامنا ہے۔ اقوام متحدہ نے بھی مظاہرین کے خلاف امریکی حکومت کے تشدد پسندانہ اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ تشدد کو فوری طور پر لگام دی جائے۔