امریکہ دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کرے: شمالی کوریا کی وارننگ
شمالی کوریا نے ایک بار پھر امریکہ کو متنبہ کیا ہے کہ وہ دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کرے۔
شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے سی این اے کے مطابق وزارتِ خارجہ میں امریکی امور کے ڈائریکٹر جنرل کوان جونگ گُن نے کہا ہے کہ اگر امریکا اپنے ملک کی بدترین سیاسی صورتِ حال کے باوجود، دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت اور غیر محتاط تبصرے کرتا رہے تو اسے بھی مسائل و مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
اس بیان میں امریکہ کو متنبہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ امریکہ اپنی زبان کو لگام دے کیونکہ یہ نہ صرف امریکی مفادات کےلیے بلکہ ہونے والے صدارتی انتخابات کےلئے بھی بہتر نہیں ہوگا۔
واضح رہے کہ چند روز پہلے شمالی کوریا کے سربراہ کِم جونگ اُن نے جنوبی کوریا سے ہاٹ لائن پر مواصلاتی رابطہ ختم کرنے کا اعلان کیا تھا جسے امریکی محکمہ خارجہ نے مایوس کن اقدام قرار دیتے ہوئے اظہارِ افسوس کیا تھا۔