Jun ۱۹, ۲۰۲۰ ۱۲:۵۸ Asia/Tehran
  • کورونا سے متعلق بڑی اور اہم خبر

عالمی ادارہ صحت نے دنیا بھر کے عوام کو خوش خبری دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سال کے آخر تک کورونا کی ویکسین تیار ہو جائے گی۔

عالمی صحت تنظیم کے ڈاکٹر سومیا سوامی ناتھن نے پراعتماد لہجے میں کہا ہے کہ کورونا وائرس کی ویکسین بنانے کے لئے کئی جگہ کام آخری مراحل میں ہے اور پوری امید ہے کہ کورونا کا ٹیکہ اس سال کے آخر تک ہمیں مل جائے گا۔

سوامی ناتھن کا کہنا تھا کہ انسداد ملیریا دوا ہائیڈروکسی کلوروکین کورونا وائرس انفیکشن کے علاج میں کارگر نہیں ہے بلکہ نقصان کر رہی ہے اس لئے اس پر جاری سبھی ریسرچ اور ٹرائل کو روک دیا گیا ہے۔

موثر ویکسین کو لے کر ڈبلیو ایچ او کی کوشش کا ذکر کرتے ہوئے سوامی ناتھن نے کہا کہ اس کی تیاری ایک بیحد مشکل عمل ہے لیکن مجھے امید ہے  کہ اس سال کے آخر تک ہم اس سلسلے میں ضرور کامیاب ہوں گے۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 85 لاکھ 83 ہزار 838 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں 4 لاکھ 56 ہزار 428 ہو گئیں۔

کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 35 لاکھ 94 ہزار 863 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 54 ہزار 561 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 45 لاکھ 32 ہزار 547 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

ٹیگس