Jul ۰۱, ۲۰۲۰ ۱۱:۵۶ Asia/Tehran
  • ٹرمپ کو چین پر کیوں غصہ آتا ہے وجہ سامنے آ گئی

چین کا کہنا ہے کہ امریکہ نے مختلف مسائل منجملہ کورونا اور بیالوجیکل لیبارِٹریز کے بارے میں شفاف طور پر عمل نہیں کیا ہے۔

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے امریکہ میں ہونے والی ہلاکتوں اور متاثر ہونے والوں کو دیکھتا ہوں تو پھرچین پر سخت غصہ آتا ہے۔

امریکی صدر نے سوشل میڈیا پر پیغام میں لکھا کہ کورونا کی وبا نے امریکہ کو شدید نقصان پہنچایا، جب کورونا سے یہ سب کچھ ہوتے دیکھتا ہوں تو چین پر غصہ آتا ہے۔

امریکی صدر ٹرمپ نے اس سے قبل بھی دعوی کیا تھا کہ کورونا وائرس ووہان لیب میں تیار کیا گیا اورچین کو اس بارے میں وضاحت دینی چاہیے کہ یہ وائرس کس طرح سے پھیلا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کو یہ بھی بتانا چاہئے کہ یہ کام غلطی سے ہوا ہے یا جان بوجھ کر ایسا کیا گیا ہے۔ ٹرمپ نے یہ بات ایسے میں کہی ہے جب امریکہ کے نیشنل انٹیلی جینس ڈائریکٹوریٹ نے ایک بار پھر یہ بات زور دے کر کہی ہے کہ کورونا وائرس انسان کا بنایا ہوا نہیں اور نہ ہی اس کے جینیاتی کوڈ میں کوئی تبدیلی کی گئی ہے۔

چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوآ چونینگ نے کورونا وائرس کے بارے میں امریکی صدر کے دعوے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کو چاہئے کہ چین کے خلاف بے بنیاد دعوؤں سے باز آجائے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ نے مختلف مسائل منجملہ کورونا اور بیالوجیکل لیبارِٹریز کے بارے میں شفاف عمل نہیں کیا ہے جبکہ چین نے کورونا کے بارے میں اطلاعات فراہم کرنے میں بالکل شفاف اور اعلانیہ عمل کیا اور وہ صحت کے بین الاقوامی قوانین کی بنیاد پر عالمی ادارہ صحت کی تحقیقات کی حمایت کرتا ہے۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں، کورونا سے مقابلے میں اپنی ناکامی و ناتوانی کی پردہ پوشی کے لئے امریکی حکام چین کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کررہے ہیں اور اسی وجہ سے گزشتہ ہفتوں کے دوران چین اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بیجنگ کے ساتھ تعلقات منقطع کرنے تک کی دھمکی دے دی تھی۔

ٹیگس