Jul ۱۸, ۲۰۲۰ ۱۹:۵۱ Asia/Tehran
  • ڈونلڈ ٹرمپ کے لئے مظاہرین سے زیادہ مجسمے اہم

کرسٹوفر کولمبس کا مجسمہ گرانے پر امریکی شہر شکاگو میں نسل پرستی کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں اور امریکی پولیس کے درمیان جاری جھڑپوں اور کشیدگی میں مزید شدت پیدا ہو گئی ہے۔

ہل رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست ایلی نوئے کا سب سے بڑا شہر شیکاگو، کرسٹوفر کولمبس کا مجسمہ گرانے پر نسل پرستی کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں اور امریکی پولیس کا میدانِ جنگ بن گیا۔

جاری شدہ تصاویر کے مطابق احتجاج کرنے والے مظاہرین نے کرسٹوفر کولمبس کے خلاف قاتل قاتل جیسے نعرے لگائے اور پھر اسکے مجسمے کو سرنگوں کر دیا جس کے بعد مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں شروع ہو گئیں۔ جھڑپوں کے دوران امریکی پولیس نے احتجاج کرنے والے مظاہرین کے خلاف آنسو گیس کا استعمال کیا جبکہ نسل پرستی کی علامت بنے کرسٹوفر کولمبس کے مجسمے کا گھیراؤ کرنے والے مظاہرین نے بھی اپنا دفاع کرتے ہوئے پولیس کے خلاف مختلف وسائل استعمال کئے۔

اس سے قبل شہر بالٹیمور کے شہریوں نے بھی نسل پرستی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے شہر میں لگے کرسٹوفر کولمبس کے مجسمے کو مسمار کر دیا تھا۔ احتجاجی مظاہروں کے بعد بالٹیمور حکام نے پورے شہر سے بردہ داری کی علامت تمام مجسموں کو ہٹانے کی ہدایات جاری کر دی تھیں، کیوں کہ ایسے بیشتر مجسموں کو نسل پرستی مخالف مظاہرین نے مسمار کر دیا تھا۔

دریں اثنا ریاست اورگن کے شہر پورٹ لینڈ میں ایف بی آئی نے امریکی صدر ٹرمپ کے حکم پر نسل پرستی کی حامی شخصیات کے مجسموں کی حفاظت کرنے کی غرض سے احتجاجی مظاہرین کو سخت زد و کوب کیا۔ رویٹرز کی رپورٹ کے مطابق نسل پرستی کی علامت سمجھے جانے والے مجسموں کی حفاظت کے تعلق سے امریکی صدر ٹرمپ کی نئی ہدایات کے بعد سرحدی تحفظ اور کسٹم ٹیکس ادارے کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ ان مجسموں کی حفاظت کے لئے ملک کی اندورنی سلامتی کی وزارت کے اہلکاروں کو پورٹ لینڈ روانہ کر دیا گیا۔

ویڈیو تصاویر سے پتہ چلتا ہے کہ یہ اہلکار کہ جن کی کوئی شناخت بھی نہیں ہے اور جو غیر سرکاری گاڑیوں سے منتقل کئے گئے ہیں، نسل پرستی کے خلاف احتجاج کرنے والے امریکی شہریوں کو گرفتار کر رہے ہیں۔

یہی نہیں بلکہ نسل پرستی کی علامت سمجھے جانے والے مجسموں کی حفاظت کے لئے ملک کی اندرونی سلامتی کی وزارت کے اہلکاروں کی حمایت میں امریکہ کے محکمہ امیگریشن کے اہلکار بھی میدان میں آ گئے ہیں۔

ریاست اورگن کے گورنر کیٹ براؤن نے ان اہلکاروں کے اقدام پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان اداروں کے اہلکاروں کو استعمال کیا جانا قانون سے غلط فائدہ اٹھائے جانے کے مترادف ہے اور امریکی صدر ٹرمپ کی ان سیاسی چالوں کا امن و سلامتی کے تحفظ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

 

دنیا بالخصوص عالم اسلام اور علاقے کی اہم خبروں کے لیے ہمارا واٹس ایپ گروپ جوائن کیجئے!

Whatsapp invitation link

6: https://chat.whatsapp.com/DZdWBKZsv7v06U6c7eoOne

ٹیگس