کورونا کے سبب دنیا کے ایک تہائی بچے تعلیم سے محروم
یونیسف نے اعلان کیا ہے کہ دنیا بھر کے ایک تہائی بچے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث تعلیم سے محروم ہو گئے ہیں۔
بچوں کے عالمی ادارے یونیسف نے جمعرات کو ایک رپورٹ میں اعلان کیا ہے کہ دنیا کے ایک تہائی اسکولی طلبا جن کی تعداد تقریبا پانچ سو ملین ہوتی ہے، کورونا کے پھیلاؤ کے دور میں آن لائن کلاسوں تک رسائی حاصل نہیں کر سکے۔
یونیسف کی رپورٹ میں آیا ہے کہ دنیا بھر میں قومی و مقامی سطح پر قرنطینہ کے عروج کے زمانے میں اسکولوں میں تعطیل کے باعث ڈیڑھ ارب بچوں کو نقصان پہنچا ہے۔ اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آن لائن کلاسوں تک رسائی کے سلسلے میں بھاری نا انصافی ہوئی ہے۔
یونیسف کی یہ رپورٹ، سو ملکوں کے ڈیٹا، ریڈیو ٹیلی ویژن، انٹرنیٹ نیز اسکولوں میں تعطیل کے دوران تعلیمی خدمات فراہم کرنے والے وسائل کی بنیاد پر تیار کی گئی ہے۔
کورونا کو کنٹرول کے لئے کوئی موثر دوا یا ویکسین نہ ہونے کے باعث دنیا بھر کی حکومتیں حفظان صحت کے اصولوں کی پابندی کرنے، ایس او پیز جاری کرنے اور کاروبار اور اسکول بند کرنے پر مجبور ہو گئی ہیں۔