Sep ۰۶, ۲۰۲۰ ۱۳:۰۵ Asia/Tehran
  • یمن اور افریقی ممالک میں غذائی بحران پر اقوام متحدہ کا اظہار تشویش

اقوام متحدہ نے یمن اور تین افریقی ممالک میں بھکمری قحط اور ناقص غذا کی بابت سخت خبردار کیا ہے۔

آناتولی نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اینٹونیو گوترش نے یمن، جمہوریہ ڈیموکریٹک کانگو، شمال مشرقی نائیجیریا اور جنوبی سوڈان میں قحط اور بھکمری کا خطرہ ظاہر کیا ہے۔

اینٹونیو گوترش کا کہنا تھا کہ یہ ممالک دنیا میں سب سے بڑے غذائی بحران سے روبرو ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے مذکورہ ممالک کی امداد کے لئے ناکافی بجٹ مختص کئے جانے پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ مشکلات کے حل کے لئے ان ممالک کو فوری امداد کی ضرورت ہے۔

در ایں اثناء بین الاقوامی امدادی ادارے آکسفام نے بھی اپنی رپورٹ میں خبردار کیا ہے کہ قحط اور بھکمری کے سبب بہت سے یمنی باشندوں کی زندگی خطرے میں پڑ گئی ہے اور وہ رواں سال کے دوران موت کے خطرے سے روبرو ہو چکے ہیں۔

خیال رہے کہ حرمین شریفین کے نام نہاد خادم، قبیلہ آل سعود نے اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر مسلمان پڑوسی ملک یمن کو مارچ دوہزار پندرہ سے مستقل بنیادوں پر زمینی، سمندری اور فضائی جارحیت کا نشانہ بنا رکھا ہے جس کے سبب اب تک دسیوں ہزار یمنی شہری شہید و زخمی اور دسیوں لاکھ بے گھر ہونے کے ساتھ ساتھ قحط، بھکمری اور کورونا جیسے متعدد وبائی امراض سے روبرو ہو چکے ہیں۔

اسکے علاوہ یمن کی تمام بنیادی تنصیبات تباہ ہو کر رہ گئی ہیں۔ اس بہیمانہ جارحیت میں آل سعود کو امریکہ اور بعض مغربی ممالک کی مکمل حمایت حاصل ہے۔

ٹیگس