Sep ۰۶, ۲۰۲۰ ۲۲:۰۴ Asia/Tehran
  • برطانیہ نے عالمی فوجداری عدالت پر امریکی پابندی کی مخالفت کی

برطانیہ کی وزارت خارجہ نے عالمی فوجداری عدالت کے دو اعلی عہدیداروں پر امریکا کی پابندیوں کی مخالفت کی ہے۔

برطانوی وزارت خارجہ نے اتوار کے روز ایک بیان جاری کر کے آئي سی سی کی اٹارنی جنرل فاتو بینسودا اور آئي سی سی کے عدالتی امور میں تعاون کے شعبے کے سربراہ فاکیسو موچوچوکو کے خلاف امریکا کی پابندیوں پر افسوس ظاہر کیا ہے۔ بیان میں کہا گيا ہے کہ عالمی فوجداری عدالت کے عہدیداروں کو پابندی کے خوف کے بغیر آزادانہ اور غیر جانبدرانہ طریقے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہیے۔ اس سے قبل یورپی یونین کے شعبۂ خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزپ بوریل نے بھی ایک بیان جاری کر کے امریکا کے اس اقدام کو ناقابل قبول اور آئي سی سی کی تحقیقات میں رکاوٹ ڈالنے کے مترادف قرار دیا تھا۔

یاد رہے کہ دو ستمبر کو امریکی وزارت خزانہ نے بینسودا اور موچوچوکو پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ امریکی وزیر خارجہ مائيک پومپیئو نے بھی دھمکی دی تھی کہ جو بھی سرکاری یا غیر سرکاری آدمی ان دو عالمی عہدیداروں کی مدد کرے گا، اسے سزا دی جائے گي۔ آئي سی سی کے یہ دو عہدیدار اس وقت افغانستان میں امریکی فوجیوں کے جنگي جرائم کے بارے میں تفتیش کر رہے ہیں۔

ٹیگس