ٹرمپ کی باتوں میں نہ آئیں، وہ جھوٹے دعوے کرتے ہیں: جو بائیڈن
ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار جوبائیڈن نے کورونا وائرس کی ویکسین جلد تیار کرنے کے حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ جھوٹے دعوے کرتے رہتے ہیں، ان کی باتوں پر کان نہ دھرا جائے۔
پنسلوانیا میں ٹی وی مباحثے میں گفتگو کرتے ہوئے ڈیموکریٹک صدارتی امیدوارجوبائیڈن نے امریکی عوام کو خبردار کیا کہ وہ صدر کے الفاظ پر یقین نہ کریں اس لئے کہ وہ جھوٹے دعوے کرتے رہتے ہیں۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ ویکسین سے متعلق صدر ٹرمپ کے بجائے سائنسدانوں کی باتیں سنیں اور ان پر عمل کریں۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے دعوی کیا تھا کہ 3 نومبر کے صدارتی انتخابات سے پہلے کورونا سے بچاؤ کی ویکسین تقسیم کر دی جائے گی۔
امریکی صدر نے 3 ماہ قبل کورونا ویکسین کی تیاری کا دعوی کیا تھا، انہوں نے ویکسین کو محفوظ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ 20 لاکھ ڈوسز فراہمی کیلئے تیار ہیں۔ ٹرمپ کا یہ بھی کہنا تھا کہ کورونا ویکسین دوسرے ملکوں کو بھی فراہم کریں گے تاہم اب ان کے صدارتی حریف نے ہی ان کا یہ دعوی مسترد کر دیا ہے۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں اور اموات کے لحاظ سے امریکہ پہلے نمبر پر ہے۔ دیگر ملکوں کے مقابلے میں امریکہ میں کورونا وائرس کی تشخیص اور علاج کا عمل دیر سے شروع کیا گیا جس پر حکومت امریکہ بالخصوص صدر ڈونلڈ کو کورونا وائرس کے حوالے سے لا پرواہی برتنے کے الزامات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
کورونا سے بڑھتی انہی اموات کے سبب امریکہ میں انتخابی عمل بری طرح متاثر ہے، ڈیموکریٹس اور ری پبلکنز دونوں ہی کے نیشنل کنونشن آن لائن منعقد ہوئے اور نومبر میں صدارتی الیکشن میں ووٹنگ کی شرح بھی کورونا وبا کے سبب متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ میں کورونا وائرس سے 2 لاکھ 2 ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں جبکہ متاثرین کی تعداد 68 لاکھ 74 ہزار سے بھی بڑھ گئی ہے۔