Sep ۲۱, ۲۰۲۰ ۲۲:۲۵ Asia/Tehran
  • امریکی پابندیاں ایران و روس کے تعلقات پراثرانداز نہیں ہو سکتیں: روس

روس کے نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم امریکی پابندیوں سے خوفزدہ نہیں ہیں۔

روس  کے نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف نے پیر کے روز صحافیوں کےساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پابندیاں ایران اور روس کے درمیان تعاون پر اثرانداز نہیں ہوں گی اورامریکی کوششوں کے باوجود ایران سے متعلق روس کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔

ریابکوف نے کہا کہ امریکہ کے اس اقدام سے ایران اور روس کے تعلقات پر بُرے اثرات مرتب نہیں  ہوں گے اور ایران سے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ تکنیکی  اور عسکری شعبے میں ایران اور روس کے مابین تعاون، فریقین کی ضروریات کے مطابق پرامن ماحول اور امریکی دباو کے بغیر آگے بڑھے گا۔

روس کے نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم امریکی پابندیوں سے خوفزدہ نہیں ہیں اور ہم ان کے عادی ہیں اور ان پابندیوں سے ہمارا انداز تبدیل نہیں ہو گا۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کیخلاف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی پابندیوں کا از سر نو نفاذ چاہتا ہےاور یہ ایک ایسے میں ہے جب اقوام متحدہ کے سربراہ انٹونیو گوٹریش نے سلامتی کونسل کے نام ایک خط میں کہا کہ غیر یقینی کی صورتحال کی بنا پر ایران کیخلاف پابندیوں کا از سر نو نفاذ  کیلئے کوئی اقدام نہیں کرسکتے۔

ٹیگس