ٹرمپ کی موت کی صورت میں امریکی فوج کی جانب سے حکومت چلانے کا منصوبہ
کورونا کا پھیلاؤ شروع ہونے سے کچھ مہینے پہلے ہی امریکی فوج نے ایسے ممکنہ واقعات سے نمٹنے کے لیے ایک انتہائی خفیہ پروگرام تیار کر لیا تھا جن کی وجہ سے حکومت کا خاتمہ ہوسکتا ہے۔
نیوز ویک میگزین نے مارچ میں شائع ہونے والی اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ امریکی فوج، ملک میں سامنے آنے والے ممکنہ حادثات کے بعد کے حالات کے لیے ایک انتہائي خفیہ پروگرام تیار کر رہی ہے۔ اپنی اس رپورٹ میں نیوز ویک نے کہا تھا کہ واشنگٹن میں یہ تشویش پائی جارہی ہے کہ حکومت، کانگریس یا عدلیہ کا ایک بڑا حصہ، کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے ٹھپ ہو سکتا ہے۔ اس بنا پر امریکی فوج نے ایک انتہائی خفیہ پروگرام تیار کیا تھا تاکہ صدر کے کووڈ۔19 میں مبتلا ہونے کی وجہ سے حکومت گرنے سمیت مختلف ممکنہ تشویشناک حالات میں حکومت جاری رہ سکے۔
اس جریدے کی رپورٹ کے مطابق اس پروگرام میں واشنگٹن کو خالی کرانا اور ملک کا انتظام دور دراز علاقوں میں نچلے درجے کے عہدیداروں کے حوالے کرنا شامل ہے۔ نیوز ویک نے لکھا ہے کہ امریکی فوج کے اس پروگرام کا مقصد واشنگٹن کو تحفظ فراہم کرنا اور ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت گرنے کی صورت میں ایک قسم کی فوجی حکومت قائم کرنا ہے۔
امریکی فوج نے جن پروگراموں کا جائزہ لیا انھیں کوڈ ورڈ میں "فری جیک" ، "آکٹگن" اور "زوڈیاک" کا نام دیا گیا تھا اور ان کا مقصد حکومت کے کام کاج کو یقینی بنانے کے لیے ایک طرح کے زیر زمینی قوانین بنانا تھا۔ نیوز ویک کے مطابق ان پروگراموں میں حکوم کا کام کاج جاری رکھنے کے لیے آئین کو بھی بائي پاس کیا جاسکتا ہے اور پورے امریکا کا انتظام فوجی کمانڈوز کو سونپا جا سکتا ہے۔