غزہ پٹی میں صیہونی حملے جاری، مزید 50 فلسطینی شہید
غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں میں مزید دسیوں فلسطینی شہید اور درجنوں دیگر زخمی ہوگئے ہیں
سحرنیوز/عالم اسلام: غاصب صیہونی حکومت نےگذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران غزہ پٹی کے مختلف علاقوں میں کم سے کم پچاس فلسطینی شہریوں کو شہید کردیا ہے دریں اثنا صیہونی حکومت کی جنگي بوٹوں نے غزہ پٹی کے ساحلوں سے شہرخان یونس پر فائرنگ کی ہے۔
ناصر اسپتال نے بھی اعلان کیا ہے کہ مغربی شہر خان یونس میں پناہ گزینوں کے ایک کیمپ پر صیہونی فوج کے فضائی حملے میں کم سے کم دو فلسطینی شہید ہوگئے۔
مرکزي غزہ کے النصیرات کیمپ پر بھی صیہونی فوج نے گولہ باری کی ہے دریں اثنا العودہ اسپتال نے اعلان کیا ہے کہ النصیرات کیمپ میں فلسطینی شہریوں کے ایک گروہ پر فضائی حملے کے نتیجے میں ایک شخص شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔
صیہونی فوجیوں نے شمالی شہر غزہ کی النفق روڈ پر فلسطینیوں کے گھروں کے درمیان ایک بکتربند گاڑي کو دھماکے سے اڑا دیا جو ہتھیاروں سے بھری ہوئي تھی۔
صیہونی فوجیوں نے جنوب مغربی شہر غزہ کے تل الھوی محلے میں فلسطینیوں کے کچھ گھروں کو دھماکے سے منہدم کردیاشہداء الاقصی اسپتال کے ایک ذریعے نے بھی صیہونی حکومت کی فوج کی بمباری میں شہر دیرالبلح کے ایک شخص کے شہید اور متعدد کے زخمی ہونے کی خبر دی ہے۔
مغربی شہر غزہ کے الشاطی کیمپ ميں پناہ گزینوں کے ایک خیمے پر فضائی حملے میں ایک فلسطینی شہید اور کچھ زخمی ہوگئے ۔
غرب اردن کے شہروں اور دیہاتوں میں بھی صیہونی فوجیوں کے حملوں اور یلغار کا سلسلہ جاری رہا۔ الجزیرہ ٹی وی نے آج جمعے کو رپورٹ دی ہے کہ غاصب صیہونی فوجیوں نے شہر رام اللہ کی سردا کالونی میں اپنی پوزیشن مضبوط کی ہے صیہونی فوجیوں نے سردا کالونی کے ایک مکان کو اپنے محاصرے میں لے لیا اور اس پر راکٹ داغے۔صیہونی فوجیوں نے شہر نابلس میں بھی کئی مکانوں پر حملے کئے ہيں۔
دریں اثنا فلسطین کی ہلال احمر سوسائٹی نے رپورٹ دی ہے کہ صیہونی فوجیوں نے شمالی غرب اردن کی عرابہ کالونی میں ایک مکان پر یلغار کر کے ایک فلسطینی ڈاکٹر کو زد و کوب کیا اور اسے سخت زخمی کردیا ۔
صیہونی فوجیوں نے بیت لحم کے الدھیشہ کیمپ میں ایک امبولینس پر بھی حملہ کرکے توڑ پھوڑ کی ہے جو ایک مریض کو اسپتال منتقل کر رہی تھی۔