Oct ۰۴, ۲۰۲۰ ۱۷:۲۸ Asia/Tehran
  • دنیا میں 3 کروڑ 50 لاکھ سے زائد کورونا مریض

تازہ ترین اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ دنیا میں کورونا وائرس کا شکار ہونے والوں کی تعداد ساڑھے تین کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے۔

ورلڈو میٹرز کے مطابق اتوار کے روز تک دنیا میں کورونا وائرس کا شکار ہونے والوں کی تعداد تین کروڑ اکیاون لاکھ انتالیس ہزار تک پہنچ گئی ہے۔اس رپورٹ کے مطابق اب تک دس لاکھ سے زائد کورونا مریض دم بھی توڑ چکے ہیں۔ پچہتر لاکھ نوے ہزار کورونا مریضوں کے ساتھ دنیا میں کورونا مریضوں کی سب سے بڑی تعداد امریکہ میں ہے جہاں اب تک دو لاکھ چودہ ہزار کورونا مریض جان کی بازی ہار چکے ہیں۔جائزوں سے پتہ چلتا ہے کہ دنیا کے اکیس فیصد کورونا مریض صرف امریکہ میں ہیں۔

دریں اثنا وائٹ ہاؤس کے ایک اعلی عہدیدار نے امریکی صدر ٹرمپ کے معالج کے حوالے سے بتایا ہے کہ ٹرمپ کی حالت ابھی تک سنبھلی نہیں اور فی الحال کورونا سے ان کے صحت یاب ہونے کی کوئی واضح علامات سامنے نہیں آئی ہیں۔دوسری طرف امریکہ کے دستاویزی فلم بنانے والے ہدایتکار مائیکل مور نے امریکی صدر ٹرمپ کے کورونا میں مبتلا ہونے کے بارے میں شک و شبہے کا اظہار کیا ہے۔انھوں نے فیس بک پر اپنی ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ ٹرمپ سے کوئی بعید نہیں کہ انھوں نے کورونا وائرس کو بھی ہتھکنڈے کے طور پر استعمال کیا ہو تاکہ صدارتی انتخابات میں اپنی پوزیشن بہتر بناسکیں۔انھوں نے اس بات کی تائید بھی کی کہ پہلے انتخابی مباحثے میں ٹرمپ کی کمزور ہونے والی پوزیشن کے پیش نظر وہ اب ڈیموکریٹک امیدوار جوبائیڈن کے مقابلے میں کورونا وائرس کو بھی ایک حربے کے طور پر استعمال کر رہے ہیں تاکہ جوبائیڈن کے مقابلے میں اپنی پوزیشن مستحکم بنا سکیں۔مائیکل مور کے مطابق ٹرمپ ایک شرپسند شخص کا نام ہے جس نے کورونا ویکسین کی فوری تیاری کے بارے میں بھی جھوٹ بولا ہے۔

ٹرمپ کا کورونا ٹیسٹ ایسی حالت میں مثبت آیا ہے کہ امریکہ میں صدارتی انتخابات کا وقت قریب آ رہا ہے اور ٹرمپ ان انتخابات کو ملتوی کروانے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔ٹرمپ کے ڈاکٹر سین کینلی نے صحافیوں سے گفتگو میں یہ بتائے بغیر کہ ٹرمپ کو اسپتال سے کب تک ڈسچارج کیا جائے گا، دعوی کیا کہ ان کی حالت بتدریج ٹھیک ہو رہی ہے تاہم یہ واضح نہیں کہ ان کی طبیعت مکمل بحال ہونے میں کتنا وقت لگے گا۔اسپتال منتقلی کی وجہ سے صدر ٹرمپ کی انتخابی مہم کے تمام پروگرام ملتوی یا ورچوئل کر دیے گئے ہیں۔

امریکہ میں کیے گئے سروے کے نتائج بھی سامنے آئے ہیں جس میں چالیس فیصد ڈیموکریٹ ووٹرز نے ٹرمپ کی صدارتی مہم متاثر ہونے پر خوشی کا اظہار کیا ہے، جبکہ سترہ فیصد ری پبلکن ووٹرز کو ٹرمپ کے کورونا سے متاثر ہونے پر حیرانی ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ کورونا کے خلاف مہم میں امریکہ کی ٹرمپ حکومت کی ناقص کارکردگی کی بنا پر انھیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

ٹیگس