Oct ۱۹, ۲۰۲۰ ۱۶:۲۴ Asia/Tehran
  • ٹرمپ جوبائیڈن ایک دوسرے کی توہین کرنے پر مُصِر

امریکہ کے صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹ امیدوار جو بائیڈن نےموجودہ صدر ٹرمپ کو ایک نااہل شخص قرار دیا ہے جبکہ متعدد ریاستوں کے گورنروں نے بھی ٹرمپ پر شدید تنقید کی ہے۔ اُدھر دوسری جانب ٹرمپ نے بھی اپنے حریف امیدوار کو بدعنوان سیاستداں سے تعبیر کیا۔

امریکا کے صدارتی امیدوار جوبائیڈن نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ امریکہ میں کورونا وائرس میں مبتلاء ہونے والوں کی تعداد روز بروز بڑھتی جا رہی ہے لیکن صدر ٹرمپ انتخابی جلسے کر کے دوسروں کی جان خطرے میں ڈال رہے ہیں۔

جوبائیڈن نے مزید کہا کہ ٹرمپ روز بروز مزید یہ ثابت کرتے جا رہے ہیں کہ وہ اس بحران پر قابو پانے  میں کس قدر نااہل ہیں۔ امریکی ریاستوں کے گورنروں نے بھی کورونا کا مقابلہ کرنے میں صدر ڈونلڈ کی کارکردگی کو کمزور قرار دیا ہے۔

ریاست ایلینوئے کے گورنر نے سی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر نے کورونا کے حوالے سے دنیا کے سامنے ایک برا آئیڈیل پیش کیا ہے۔ ریاست ایلینوئے کے گورنر نے مزید کہا کہ ٹرمپ مجمع عام میں ماسک نہیں پہنتے اور اپنے انتخابی جلسوں میں عوام کو ماسک لگانے کی ترغیب نہیں دلاتے ہیں۔

ریاست ایلینوئے کے گورنر نے کہا کہ جب عوام ٹرمپ کے انتخابی جلسوں میں شرکت کرتے ہیں تو چونکہ وہ ماسک نہیں لگاتے تو لوگ سمجھتے ہیں کہ ماسک نہ لگانا خطرناک کی بات نہیں ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ ماسک نہ لگانا بہت زیادہ خطرناک ہے۔

ریاست میشیگن کے گورنر  نے بھی کہا ہے کہ کورونا کے سلسلے میں امریکی صدر کے اقدامات اور ردعمل سے دنیا میں بدترین پیغام گیا ہے۔

یہ تنقیدیں ایسے عالم میں سامنے آرہی ہیں کہ ٹرمپ کورونا ٹیسٹ مثبت ہونے کے باوجود انتخابی جلسوں میں ایس او پیز کا خیال رکھے بغیر شرکت کرتے ہیں۔

اس درمیان ٹرمپ نے بھی اپنے حریف جو بائیڈن پر شدید  حملہ کرتے ہوئے انہیں ایک بدعنوان سیاستداں قرار دیا۔ ٹرمپ نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر لکھا کہ ’’بائیڈن ایک بدعنوان سیاستداں ہیں اور یہ بات سب کو معلوم ہے‘‘۔

ٹرمپ کا اشارہ جو بائیڈن کے بیٹے کے یوکرین میں تجارتی اسکینڈل کی جانب تھا۔

ٹیگس