Oct ۲۱, ۲۰۲۰ ۱۸:۲۱ Asia/Tehran
  • امریکہ، دوسرے انتخابی اکھاڑے کے لئے قوانین میں تبدیلیاں

امریکہ کے صدارتی امیدواروں کے درمیان دوسرا اور فیصلہ کن مناظرہ جمعرات کی شب ریاست ٹینسی کے شہر نشویل میں ہوگا اور مباحثے کے دوران امیدواروں کے مائیکروفون بند بھی کیے جا سکیں گے۔

امریکہ میں انتخابی مناظرے کرانے والے کمیشن کے جاری کردہ بیان کے مطابق جمعرات کو نشویل سٹی میں ہونے والے دوسرے اور آخری مباحثے کے دوران ہر امیدوار کو دو منٹ بات کرنے کا موقع دیا جائے گا اور اس دوران مقابل امیدوار کا مائیکرو فون بند رہے گا تاکہ پہلا امیدوار اپنی بات مکمل کر سکے۔

پہلے انتخابی مباحثے کے دوران صدارتی امیدواروں کے درمیان ہونے والی نوک جھونک نے امریکہ میں ہنگامہ کھڑا کر دیا تھا اور خاص طور سے ٹرمپ کے انداز گفتگو پر ملکی اور غیر ملکی حلقوں میں شدید منفی ردعمل سامنے آیا تھا۔ ٹرمپ نے پورے مباحثے کے دوران قوانین کی خلاف وزری کی اور اپنے رقیب جو بائیڈن کی بات بار بار کاٹتے رہے۔مذکورہ مباحثے کے دوران امریکی صدارتی امیدواروں نے ایک دوسرے کے خلاف نازیبا الفاظ کا بھی کھل کر استعمال کئے جس پر مباحثے کے کمیشن نے بھی تشویش ظاہر کی تھی۔بعد ازاں مباحثے کے کمیشن نے اعلان کیا تھا کہ مباحثے منظم شکل میں چلانے کے لیے قوانین میں تبدیلی پر غور کیا جائے گا۔

پہلے انتخابی مباحثے کے بعد جوبائیڈن نے بڑی صراحت کے ساتھ اعلان کیا تھا کہ وہ اگلے مباحثے سے قبل قوانین میں تبدیلی چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے مباحثے کے دوران ٹرمپ کا رویہ پوری قوم کے لیے شرم کا باعث بنا ہے۔

البتہ ٹرمپ کے انتخابی دفتر نے مباحثے کے قوانین میں تبدیلی کی مخالفت کی تھی۔ ٹرمپ کے الیکشن کیمپین کے کوآرڈینیٹر نے پہلے مباحثے کے بعد سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کمیشن کو گول پوسٹ میں تبدیلی اور کھیل کے درمیان اسکے قوانین تبدیل نہیں کرنا چاہئیں۔

ٹرمپ اور بائیڈن کے درمیان دوسرا انتخابی مباحثہ پندرہ اکتوبر کو ہونا تھا تاہم فریقین کے درمیان مباحثے کے طریقہ کار کے بارے میں پیدا ہونے والے اختلافات کی وجہ سے ملتوی کر دیا گیا تھا۔ مباحثہ کمیشن نے اعلان کیا تھا کہ ٹرمپ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے باعث دوسرا مباحثہ آن لائن ہوگا تاہم ٹرمپ نے آن لائن مباحثے کی مخالفت کی تھی۔

اب اعلان کیا گیا ہے کہ امریکی صدارتی امیدواروں کے درمیان دوسرا اور آخری مباحثہ بائیس اکتوبر کو بعض تبدیلیوں کے ساتھ منعقد ہوگا جس میں میزبان مباحثے کو کنٹرول کر سکے گا۔

ٹیگس