Oct ۲۷, ۲۰۲۰ ۲۰:۳۳ Asia/Tehran
  • امریکی صدارتی انتخابات میں ایک اور بیلٹ باکس نذرآتش

امریکہ میں صدارتی انتخابات کے ایک اور بیلٹ باکس کو نذرآتش کر دیا گیا۔

امریکی ذرائع ابلاغ نے اعلان کیا ہے کہ ریاست ماساچوسٹ کے شہر بوسٹن میں ایک اور بیلٹ باکس کو نذر آتش کردیا گیا ہے۔

امریکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے مطابق بوسٹن کی پولیس نے اس شہر کے ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے جسے جائے حادثہ پر آتشی مواد اور آلات کے  ساتھ دیکھا گیا تھا۔ گذشتہ ہفتے امریکی ریاست کیلوفورنیا میں بھی ایک بیلٹ باکس میں آگ لگا دی گئی تھی.

سی این این کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزارت داخلہ ، ملک میں صدارتی انتخابات کے بعد پیدا ہونے والی کسی بھی طرح کی صورت حال اور بلوے و فساد نیز بدامنی سے نمٹنے کی بھرپور تیار کر رہی ہے۔

دوسری جانب امریکی اعداد و شمار کے مطابق اب تک ساٹھ ملین سے زیادہ امریکی شہری صدارتی انتخابات میں حصہ لے چکے ہیں۔ امریکی الیکشن پروجیکٹ نے اعلان کیا ہے امریکی صدارتی انتخابات کے لئے ووٹنگ میں ابھی ایک ہفتہ باقی ہے تاہم ساٹھ ملین سے زیادہ ووٹر قبل از وقت ہونے والی ووٹنگ میں اپنے پسندیدہ امیدوار کے لئے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر چکے ہیں۔

ایسے عالم میں جب ابھی امریکی صدارتی انتخابات میں ایک ہفتے کا وقت باقی ہے اتنی بڑی تعداد میں قبل از وقت ووٹنگ کی امریکہ کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔

امریکہ میں بڑے پیمانے پر کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے نتیجے میں اب تک دولاکھ تیس ہزار سے زیادہ افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں اور اس کے پیش نظر امریکہ کی اکثر ریاستوں کے حکام ملک میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے ڈاک کے ذریعے ووٹنگ کی حمایت کر رہے ہیں۔

امریکہ کے صدارتی انتخابات تین نومبر کو ہوں گے۔ا مریکہ میں حالیہ مہینوں کے درمیان انجام پانے والے سروے نتائج میں صدارتی انتخابات میں ڈیموکویٹ امیدوار جو بائیڈن کو ٹرمپ سے آگے بتایا جا رہا ہے۔

ٹیگس