جوہری طاقت کو مزید مضبوط بنائیں گے: روسی صدر
روسی صدر نے اعلان کیا ہے کہ کہ وہ ملک کی جوہری طاقت کی جدید کاری اور اسے مزید مضبوط و مستحکم بنائیں گے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے روس کے نئے جوری پروگرام اور روسی فوج کو جدید قسم کے میزائل اور طیارے حوالے کئے جانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان دفاعی منصوبوں پر عمل کئے جانے کے نتیجے میں روس کی اسٹریٹیجک جوہری طاقت میں جدید ترین ہتھیاروں کا تناسب بیاسی فیصد تک پہنچ گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ روس کی ایٹمی طاقت ملک کی دفاعی سلامتی کی بنیاد اور ضمانت ہے جو عالمی استحکام میں بھی مؤثر واقع ہوئی ہے۔
روسی صدر نے مزید کہا کہ اس قسم کی طاقت کے تحفظ سے نہ صرف جنگ کا امکان ختم ہوتا ہے بلکہ روس پر ہر طرح کا دباؤ ختم کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔
ولادیمیر پوتن نے روس کی سرحدوں کے قریب نیٹو کی فوجی موجودگی میں اضافے جیسے بیرونی عوامل پر بھی بھرپور توجہ دیئے جانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
واضح رہے کہ نیٹو نے کورونا وبا کے پھیلاؤ کے دور میں فوجی نقل و حرکت میں کمی کئے جانے کے بارے میں روس کی تجویز پر کوئی توجہ نہیں دی ہے۔