شکست تسلیم کرنے کے لئے ٹرمپ نے شرط لگائی
امریکی صدر ٹرمپ کے مشیروں کی کمیٹی نے کہا ہے کہ ٹرمپ اعلی عدالت کی جانب سے اعلان کے بعد اپنی شکست تسلیم کریں گے۔
اسکای نیوز کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ کے مشیروں کی کمیٹی کے رکن جبرئیل صوما نے کہا ہے کہ اگر اعلی عدالت یہ اعلان کرے کہ صدارتی انتخابات میں دھاندلی نہیں ہوئی اور صاف و شفاف انتخابات کے نتائج پر دھاندلی اثر انداز نہیں ہوئی ہے تو وہ جو بائیڈن کی کامیابی کو تسلیم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں دھاندلی ہونے سے متعلق کیس ریاستی عدالتوں میں زیر سماعت ہے اور ہمارا یہ کہنا ہے کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ اپنی شکست تسلیم کرنے سے ٹرمپ کے انکار اور سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے پر انکے اصرار کے پیش نظر اب تک بائیڈن کی کامیابی کو تسلیم نہیں کیا گیا ہے۔ صدر ٹرمپ نے ابھی اس دستاویز پر بھی دستخط نہیں کئے ہیں جو امریکہ کے منتخب صدر جوبائیڈن کو اقتدار کی منتقلی کے سرکاری و قانونی عمل کو شروع کرتی ہے۔
دوسری جانب جوبائیڈن کی ٹیم نے خبردار کیا ہے کہ اگر ملک کے صدارتی انتخابات میں ان کی کامیابی کو تسلیم نہ کیا گیا تو قانونی اقدامات کا سہارا لیا جائے گا۔ امریکہ کے نو منتخب صدر کے الیکشن کمپین نے اس ملک کے صدارتی انتخابات میں بائیڈن کی کامیابی کی شفافیت پر زور دیتے ہوئے انہیں تسلیم کرنے میں تاخیر کو غیرقانونی قرار دیا ہے۔
جوبائیڈن کے الیکشن کمپین نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ کی فیڈرل حکومت کے پبلک سروس ڈپارٹمنٹ کو صدارتی انتخابات میں بائیڈن کی فتح تسلیم کر لینا چاہئے تاکہ اقتدار کی منتقلی کا عمل شروع کیا جائے۔