برطانیہ نے بھی امریکہ کی ہاں میں ہاں ملاتے ہوئے وینیزوئیلا کے انتخابات میں دھاندلی کا دعوی کیا
برطانوی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کر کے وائٹ ہاؤس کی پالیسیوں کی پیروی میں وینیزوئیلا کے پارلیمانی انتخابات میں دھاندلی کا دعوی کیا ہے۔
برطانیہ کے دفتر خارجہ نے پیر کے روز ایک بیان جاری کر کے دعوی کیا ہے کہ وینیزوئیلا میں پارلیمانی انتخابات منصفانہ اور آزاد طریقے سے منعقد نہیں ہوئے ہیں۔
بیان میں اسی کے ساتھ دعوی کیا گيا ہے کہ وینیزوئیلا کے انتخابات غیر قانونی ہیں اور برطانیہ الیکشن کے نتائج کو تسلیم نہیں کرتا۔ اس سے پہلے امریکہ کے وزیر خارجہ مائيک پومپیئو نے بھی اپنے ایک ٹویٹ میں وینیزوئیلا کے پارلیمانی انتخابات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے دعوی کیا تھا کہ جو کچھ ہوا وہ الیکشن نہیں بلکہ ایک کھلی ہوئي دھاندلی ہے۔
واضح رہے کہ کئی مہینوں کی کوشش کے بعد اتوار کو وینیزوئیلا میں پارلیمانی انتخابات منعقد ہوئے اور امریکی حکام کے دعووں کے برخلاف ایران، روس اور ترکی سمیت مختلف ملکوں کے مشاہدین نے وینیزوئیلا کے پارلیمانی انتخابات کی نگرانی کی۔