آسٹریا میں حجاب پر عائد پابندی ختم
آسٹریا کی آئینی عدالت نے ملک میں حجاب پر پابندی کے قانون کو منسوخ کردیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق جمعے کی رات ایک اجلاس کے دوران اس بات کا اعلان کیا گیا کہ پرائمری اسکولوں ميں اسکارف پہنے پر پابندی کا قانون آئين کے منافی ہے لہذا آئینی عدالت اسے منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ یہ اسکولوں میں اسکارف اور حجاب پر پابندی کا قانون گزشتہ سال کے موسم خزاں میں لازم الاجراء قرار دیا گیا تھا۔
آسٹریا کی آئینی عدالت کے حکم پر آسٹریا کے چانسلر بغیر کسی تاخیر کے سابقہ قانون کو منسوخ کئے جانے کے پابند ہیں۔
آسٹریا میں اسلام دشمنی میں پیش پیش انتہا پسند عناصر ابتدائی طور پر پرائمری اسکولوں میں حجاب پر پابندی کے قانون کے ذریعے بتدریج ہائی اسکولز، کالجوں اور پھر یونیورسٹی کی سطح پر اس طرح کی پابندیاں لگانے کا ارادہ رکھتے تھے، تاہم آسٹریا میں مقیم مسلم کمیونیٹی کے اعتراض اور تگ و دو کے نتیجے میں آئینی عدالت نے اس قانون کو آئين کے منافی اقدام قرار دیتے ہوئے اس کی منسوخی کے احکامات صادر کر دئے ہیں۔
اس قانون کی منسوخی کے بعد پرائمری اسکول کی مسلم طالبات کو اب اسکولوں ميں آکر اپنا اسکارف اتارنے کی ضرورت نہيں ہے۔