امریکہ کے حساس اداروں پر سائیبر حملوں کا سلسلہ جاری
امریکہ کے بنیادی ڈھانچے پر جاری سائبر حملوں کے درمیان اس بار وزارت توانائی اور محکمہ جوہری سیکورٹی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ امریکہ کے بنیادی ڈھانچے پر کیے جانے والے سائبر حملوں میں، ہیکروں نے وزارت توانائی اور محکمہ جوہری سیکورٹی کی معلومات تک رسائی حاصل کرلی ہے۔
محکمۂ جوہری سیکورٹی امریکہ کی اہم ترین وفاقی ایجنسی ہے جس کا کام ملک بھر میں قائم جوہری اسلحہ خانوں کی نگرانی کرنا ہے۔
دوسری جانب امریکہ کے وفاقی عہدیداروں نے ملک کے حساس اداروں کے خلاف سائبر حملوں سے متعلق فوری اور سخت انتباہ جاری کر دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس بار ہیکروں نے جو طریقہ کار استعمال کیا ہے اسے انتہائی پیچیدہ اور خطرناک قرار دیا جا رہا ہے۔
چند گھنٹے قبل امریکہ کے منتخب صدر جو بائیڈن نے سائبر حملوں پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمارے دشمنوں کو جان لینا چاہیے کہ میں ایسے حملوں پر خاموش نہیں رہوں گا۔