’کورونا‘ کے بعد اب ’برطانوی کورونا‘ کا قہر
برطانوی ہیلتھ سیکریٹری میٹ ہینکوک نے نئے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے بے قابو ہو جانے کا اعتراف کیا ہے۔
عالمی ادارۂ صحت نے کہا ہے کہ برطانیہ میں کورونا کی نئی قسم کے پھیلاؤ کو بے قابو نہیں کہا جا سکتا، جبکہ برطانوی ہیلتھ سیکریٹری میٹ ہینکوک اعلان کرچکے ہیں کہ نئے کورونا وائرس کا پھیلاؤ بے قابو ہو چکا ہے۔
برطانیہ میں کورونا کی نئی قسم کے پھیلاؤ اور لندن میں پائی جانے والی سراسیمگی کے تعلق سے عالمی ادارۂ صحت نے کہا ہے کہ کورونا کی یہ نئی لہر کہ جس سے اس وقت برطانیہ دوچار ہے زیر کنٹرول ہے، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے سربراہ مائیکل ریان نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ کورونا کی نئی لہر پر پہلے کی طرح احتیاطی تدابیر سے قابو پایا جا سکتا ہے۔
ان کا یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے کہ خود برطانوی ہیلتھ سیکریٹری میٹ ہینکوک نے کہا تھا کہ نئے کورونا وائرس کا پھیلاؤ بے قابو ہوچکا ہے۔
عالمی ادارۂ صحت کا کہنا ہے کہ ماضی کی طرح احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہونگی بلکہ اس سے کچھ زیادہ چوکنا رہنا ہوگا۔
تقریبا 30 ممالک نے برطانوی شہریوں کے لئے اپنی سرحدیں بند کر دی ہیں، بتایا جاتا ہے کہ جنوبی افریقہ میں بھی کورونا کی نئی قسم پھیلنا شروع ہو گئی ہے۔