اٹلی، مافیا کے مبینہ ارکان کے خلاف عدالتی کارروائی کا آغاز
سیاستداں، پولیس اہکار اور سرکاری افسران، سبھی کو بیک وقت کمرہ عدالت میں لاکھڑا کیا گيا۔
اٹلی میں ملک کے سب سے طاقتور مافیا کے مبینہ ارکان کے خلاف عدالتی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے جسے گزشتہ کئی دہائیوں میں ملک میں کسی بڑے جرائم پیشہ گروہ کے خلاف اپنی نوعیت کا پہلا مقدمہ کہا جا رہا ہے۔
اے ایف پی کے مطابق اس مقدمے میں مبینہ ملزمان اور ان پر قائم کیے جانے والے جرائم کی فہرست اتنی طویل ہے کہ باقاعدہ سماعت سے پہلے عدالتی عملے کو جرائم کی تفصیل بتانے میں تین گھنٹے سے زیادہ وقت لگا۔
ملزمان میں سیاستدانوں، پولیس اہلکاروں اور سرکاری افسران کے علاوہ اس گروہ کے مبینہ ارکان اور ایسے افراد بھی شامل ہیں جنہیں مختلف حوالوں سے مبینہ طور پر جرائم میں ملوث پایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سماعت کے دوران ملزمان کے خلاف 900 گواہوں کو عدالت میں پیش کیا جا رہا ہے، ان میں سے اکثر مافیا کے سابق ارکان ہیں جبکہ عدالتی کارروائی کے لیے جنوبی شہر "لامیتسیا تیرمے" میں ایک خصوصی عمارت تیار کی گئی ہے۔