Jan ۱۸, ۲۰۲۱ ۱۶:۲۷ Asia/Tehran
  • واشنگٹن میں تعینات نیشنل گارڈ کی اسکریننگ

امریکہ کے منتخب صدر جو بائیڈن کی تقریب حلف برداری پر سیکورٹی اہلکاروں کی جانب سے حملے کے انتباہ کے بعد ایف بی آئی نے نیشنل گارڈ کے تمام اہلکاروں کی اسکریننگ شروع کردی ہے۔

 امریکی  فوجی حکام نے کہا ہے کہ نومنتخب صدر کی تقریب حلف برداری کی سیکورٹی پر تعینات اہلکاروں کی ہی جانب سے حملوں کے خدشات کے پیش نظر ایف بی آئی، تقریب حلف برداری کی حفاظت کے لیے واشنگٹن آنے والے نیشنل گارڈ کے تمام پچیس ہزار اہلکاروں کو اسکریننگ کر رہی ہے۔

 نیشنل گارڈ کے پچیس ہزار کے قریب اہلکاروں کو امریکہ بھر سے واشنگٹن بھیجا گیا ہے اور یہ تعداد اب تک ہونے والی تقاریب حلف برداری کی  حفاظت کے لیے تعینات کیے جانے والے سیکورٹی اہلکاروں کے مقابلے میں دو گنا زیادہ ہے۔

دوسری جانب امریکی وزارت جنگ کے اعلی ترین سول افسر رایان مک کارتھی نے بھی اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سیکورٹی حکام پوٹینشنل خطرات کے حوالے سے پوری آگاہ اور چوکسی کی حالت میں ہیں۔ انہوں نے تمام فوجی افسران سے کہا ہے کہ وہ تقریب حلف برداری والے روز کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی روک تھام کے لیے اپنی پوری توانائیاں بروئے کار لائیں۔

اسی دوران اطلاعات ہیں کہ ٹرمپ کے حامیوں اور سفید فام  نسلی برتری کے حامی انتہا پسند گروہوں کی جانب سے ملک کی تمام پچاس ریاستوں میں مسلح مظاہروں کی اپیل کے بعد امریکہ کے موجودہ صدر کے حامیوں نے ریاست اوہائی سے مظاہروں کا آغاز کردیا ہے۔

 یو ایس اے ٹوڈے نے اپنے ٹوئٹ میں ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ سٹی پولیس کو واشنگٹن ڈی سی میں کانگریس کی عمارت کے قریب واقع ایک اہم چوارہے سے لاوارث سوٹ کیس ملا ہے۔

 اس سے پہلے واشنگٹن پولیس نے ایک شخص کو پچاس کارتوسوں کے ہمراہ گرفتار کیا تھا اور الزام عائد کیا کہ یہ شخص جعلی دعوت نامے کے ذریعے نو منتخب صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی نیت سے کسی دوسری ریاست سے یہاں پہنچا ہے۔

 درایں اثنا سی این این کی جانب سے کرائے جانے والے تازہ سروے کے مطابق امریکی عوام کی اکثریت نے بیس جنوری سے پہلے ہی ٹرمپ کی برطرفی کا مطالبہ کیا ہے۔

 سروے کے مطابق چون فیصد امریکیوں کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کو بیس جنوری سے پہلے ہی ان کے عہدے سے برطرف کردینا چاہیے، کیونکہ چھے جنوری کو کانگریس پر کیے جانے والے حملے میں ان کا کردار واضح ہوچکا ہے۔

امریکہ میں نئے صدر کی تقریب حلف برداری کے موقع پر سیکورٹی کے خدشات شدت اختیار کرگئے ہیں اور امریکی حکام نے تقریب حلف برداری اور ریاستی اسمبلیوں پر ٹرمپ کے مسلح حامیوں کے حملوں کا قوی امکان ظاہر کیا ہے۔

 

ٹیگس