Jan ۱۸, ۲۰۲۱ ۱۳:۳۵ Asia/Tehran
  • جرمن چانسلر انجیلا مرکل کا سیاست سے کنارہ کشی کا فیصلہ

نارتھ رائن ویسٹ فائیلن کے وزیراعلی "آرمن لاشیٹ" کو حکمراں جماعت کا چیئرمین منتخب کر لیا گیا ہے۔

جرمن چانسلر انجیلا مرکل کے آئندہ انتخابات میں حصہ نہ لینے کے اعلان کے بعد ملک کی حکمراں جماعت CDU میں نئے پارٹی قائد کی تلاش شروع ہو گئی، تین امید وار تھے جن میں جرمنی کی 16 ریاستوں میں سے نارتھ رائن ویسٹ فائیلن کے موجودہ وزیراعلیٰ آرمن لاشیٹ کو حکمراں پارٹیCDU  کا چیئرمین منتخب کر لیا گیا ہے، یہ انتخاب انتہائی پرامن انداز میں ہوا۔

آرمن لاشیٹ ایک کان کن مزدور گھرانے میں 18فروری 1961کو بلجیم، جرمنی کے بارڈر کے قریب ایک گاؤں میں پیدا ہوئے۔ 1994 میں عوامی نمائندہ منتخب ہو کر جرمن پارلیمنٹ میں آئے،1999میں یورپین پارلیمنٹ میں جرمنی کی نمائندگی کی اور جون 2017 میں جرمنی کے بڑے صوبے نارتھ رائن ویسٹ فائیلن کے وزیراعلیٰ منتخب ہوئے۔

انجیلا مرکل اپنی سیاسی سوجھ بوجھ کے نتیجے میں یورپی یونین میں منفرد مقام رکھتی ہیں ،اب جب جرمنی میں چانسلر کے نئے انتخابات ہونے والے ہیں تو مس مرکل نے آئندہ انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

CDU  جرمنی کی بڑی سیاسی قوت ہے اور پچھلی کئی دہائیوں سے جرمنی میں اپنی اتحادی پارٹی CSU کے ساتھ ملکر حکومت کر رہی ہے، ان کی بڑی حریف پارٹیSPD  کی بھی کچھ ریاستوں میں حکومت قائم ہے مگر دارالحکومت ’’برلن‘‘ پر فی الحال CDU کا ہی قبضہ ہے۔

مس مرکل نے اپنی پارٹی اور ملک کی جس انداز میں خدمت کی ہے ، پارٹی کے نئے منتخب چیئرمین ’’آرمن لاشیٹ‘‘ اس معیار کو برقرار رکھ پائیں گے یہ نہیں؟ یہ آنے والا وقت ہی بتائے گا۔

 

 

ٹیگس