اقوام متحدہ کے ادارے "انروا" پر اسرائیلی حملہ مجرمانہ حرکت: ایرانی وزارت خارجہ
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مقبوضہ بیت المقدس میں اقوام متحدہ کے ادارے "انروا" پر اسرائیلی حملے کو مجرمانہ حرکت قرار دیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے مقبوضہ بیت المقدس میں فلسطینیوں سے متعلق اقوام متحدہ کے دفتر "انروا" پر غاصب اسرائیلی فوج کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے اسرائیل کا ایک اور مجرمانہ اقدام قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اور خاص طور سے اقوام متحدہ کو اس معاملے کا سخت نوٹس لینا چاہیے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے فلسطینیوں کی نسل کُشی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے انروا کے دفتر کے انہدام کو صیہونی حکومت کی منصوبہ بند پالیسی کا حصہ قرار دیا جس کا مقصد فلسطینیوں کو کم ترین انسانی امداد سے بھی محروم کرنا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ اس صورت حال کی تمام تر ذمہ داری صیہونی حکومت کے حامیوں امریکہ، برطانیہ اور جرمنی پر عائد ہوتی ہے۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel
اسماعیل بقائی نے فلسطین اور مغربی ایشیا میں اسرائیل کے مجرمانہ اور غیر قانونی اقدامات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات پر اقوام متحدہ اور دیگر اداروں کی خاموشی کے انتہائی خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔