امریکہ میں نئے کورونا وائرس کے پھیلنے کا خدشہ
وبائی امراض کے امریکی ادارے کے سربراہ نے ملک میں برطانوی کورونا وائرس کے پھیلاؤ اور مریضوں کی تعداد میں اضافے کے بارے میں سخت خبردار کیا ہے۔
امریکی کے قومی ادارۂ الرجی و متعددی امراض کے سربراہ ڈاکٹر انتھونی فوچی نے خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس کی نئی قسم کے پھیلاؤ اور مریضوں کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اب تک تین سو افراد تبدیل شدہ کورونا وائرس میں مبتلا ہو چکے ہیں جبکہ ملک کی اٹھائیس ریاستوں میں اس کورونا وائرس کا مشاہدہ کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر انتھونی فوچی نے کہا کہ جنوبی افریقہ میں دریافت ہونے والے نئے کورونا وائرس نے خاصی تشویش پیدا کردی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں اب تک دو کروڑ ترسٹھ لاکھ سے زائد افراد کورونا میں مبتلا اور چار لاکھ تینتالیس ہزار سات سو سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔