Feb ۰۱, ۲۰۲۱ ۲۲:۲۷ Asia/Tehran
  • میانمار کی فوج کو بائیڈن کی دھمکی، فورا اقتدار سے دستبردار ہو جاؤ

میانمار میں فوجی بغاوت کے بعد امریکا کے صدر جو بائیڈن نے اس ملک کی فوج کو دھمکی دی ہے کہ وہ فورا اقتدار سے دستبردار ہو جائے۔

فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امریکا کے صدر جو بائیڈن نے پیر کی شام میانمار کی فوج سے کہا کہ  وہ فورا اقتدار سے دستبردار ہو جائے۔

اے ایف پی کے مطابق، انہوں نے میانمار کے کودتا کرنے والوں کو پابندیوں کی دھمکی دی اور کہا کہ امریکا پوری دنیا میں جمہوریت کی حمایت کرتا ہے۔

امریکی صدر نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ میانمار کی فوج پر دباؤ ڈال کر ان کو اقتدار سے دستبردار ہونے پر مجبور کرے۔

وائٹ ہاوس نے بھی صدر بائیڈن کے بیان کے بارے میں کہا کہ یہ بیان علاقے کے تمام ممالک کے لئے پیغام ہے۔

واضح رہے کہ میانمار میں متنازع انتخابی نتائج کے بعد فوج اور سول حکومت میں سخت کشیدگی تھی۔

میانمار میں فوج نے ایک سال کی ایمر جنسی نافذ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے تمام اہم اداروں کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ حکمراں جماعت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ آنگ سان سوچی کو فوج نے گرفتار کر لیا ہے۔

پارٹی ترجمان نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ صدر سمیت حکمراں جماعت کے اہم رہنماؤں کو گرفتار کر لیا گیا ہے ان کا کہنا تھا کہ جس صورتحال کا سامنا ہے ایسا لگ رہا ہے کہ فوجی بغاوت اور اقتدار پر قبضہ ہو گیا ہے۔

ٹیگس