صیہونی حکومت کے وزیر اعظم کا دورۂ عرب امارات منسوخ
Feb ۰۴, ۲۰۲۱ ۱۸:۴۶ Asia/Tehran
خود ساختہ صیہونی حکومت کے وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو کا دورہ متحدہ عرب امارات اور بحرین منسوخ ہو گیا ہے۔
بن یامین نیتن یاہو کے عربی ترجمان اوقیر جینٹلمین نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ صیہونی حکومت کے وزیراعظم کا دورۂ عرب امارات اور بحرین فی الحال موخر کر دیا گیا ہے۔
جنٹلمین نے دعوی کیا کہ یہ فیصلہ اسرائیل کی فضائی حدود بند کئے جانے کی وجہ سے کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے کہا گیا تھا کہ صیہونی حکومت کے وزیر اعظم کا دورہ عرب امارات اور بحرین رواں ماہ فروری کی نو تاریخ کو انجام پائے گا۔
امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دباؤ میں آکر چار ملکوں متحدہ عرب امارات، بحرین، سوڈان، اور مراکش نے اسرائیل کو تسلیم اور اس کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے کا اعلان کیا تھا جس پر، عالم اسلام میں شدید غم و غصے کا اظہار کیا جارہا ہے۔