برطانیہ میں دہشت گردی کے 28 حملے ناکام بنانے کا دعوی
برطانوی وزیر خارجہ نے ملک میں دہشت گردی کے متعدد حملے ناکام بنائے جانے کا دعوی کیا ہے۔
ڈومینک راب نے پارلیمنٹ کے سامنے بیان دیتے ہوئے کہا کہ مارچ دوہزار سترہ سے اب تک ملک میں دہشت گردی کے اٹھائیس منصوبوں کو ناکام بنایا گیا ہے۔
انہوں نے کم عمربچوں اور نوجوانوں کی دہشت گرد گروہوں میں شمولیت پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
برطانوی وزیرخارجہ نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ اور فرصت کے اوقات میں اضافے نے دہشت گرد گروہوں کے لیے کم عمر بچوں او نوجوانوں کو اپنی جانب راغب کرنے کا بہترین موقع فراہم کردیا ہے۔
ڈومینک راب نے مزید کہا کہ دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیے جانے والے اٹھارہ سال سے کم عمر کے مشتبہ افراد کی تعداد دوہزار سترہ میں گیار تھی جو گزشتہ سال بڑھ کر سترہ ہوگئی ہے۔
برطانیہ میں جاری ہونے والی رپوٹوں کے مطابق برطانوی شہریوں سمیت آٹھ ہزار سے زائد یورپی شہری عراق اور شام میں سرگرم دہشت گرد گروہوں میں شامل تھے۔ اور اب ان کی واپسی کا معاملہ ان ملکوں کے لیے ایک چیلینج بن گیا ہے۔