Oct ۲۶, ۲۰۲۵ ۱۷:۱۲ Asia/Tehran
  • سیکورٹی فورسز کی کارروائی میں 25 دہشت گرد ہلاک، پاکستانی فوج کا بیان

پاکستانی فوج نے ایک بیان میں سیکورٹی فورسز نے افغانستان سے پاکستان میں دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنائے جانے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ سیکورٹی فورسز کی کارروائی میں 25 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کی آج کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 24 اور 25 اکتوبر 2025 کو سیکورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد کے قریب دہشت گردوں کے دو بڑے گروہوں کی پاکستان میں دراندازی کی کوشش کو ناکام بنادیا، اس دوران سیکورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی میں 4 خودکش بمبار سمیت 25 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

پاکستانی فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے ضلع کرم کے علاقے گھکی اور شمالی وزیرستان کے علاقے اسپین وام میں ٹولیوں کی صورت میں دہشت گرد پاکستان میں دراندازی کی کوشش کر رہے تھے۔

ترجمان نے بتایا کہ دہشت گردوں کے خلاف سیکورٹی فورسز نے مؤثر انداز میں کارروائی کرتے ہوئے نہ صرف ان کو روکا بلکہ دہشت گردوں کو ہلاک بھی کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز کے آپریشن کے نتیجے میں شمالی وزیرستان کے علاقے اسپین وام میں 15 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جن میں 4 خود کش حملہ آور بھی شامل تھے۔ کرم ضلع کے گھکی علاقے میں بھی دراندازی کرنے والے مزید 10 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔ مارے گئے دہشت گردوں سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 5 جوان جاں بحق ہوگئے۔ اس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان کی سیکورٹی فورسز اپنی سرحدوں کے دفاع کے لئے پُرعزم اور ثابت قدم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کریں گی۔

 

ٹیگس