افغانستان کے ہاتھوں زیمبابوے کی ایک اور شکست
افغانستان کی ٹیم نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی زبمبابوے کو پینتالیس رن سے شکست دے کر صرف دو سے برتری حاصل کرلی ہے۔
ابوظہبی میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ افغانستان کی ٹیم نے رحیم اللہ گرباز اور عثمان غنی کو سلامی کے میدان میں اتارا۔
پچھلے میچ میں شاندار کار کردگی کا مظاہرہ کرنے والے رحیم اللہ گرباز اس بار کریس پر جم نہ سکے اور صرف نو رن بناکر رچ مونڈ کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوگئے۔ ان کے بعد کریم جنت میدان میں اترے اور انہوں نے عثمان غنی کے ساتھ مل کر اچھی شراکت قائم کی اور ٹیم کا اسکور بارہ اوور میں ایک سو گیارہ تک پہنچا دیا۔ اس موقع پر زبمبابوے کے بلیسنگ نے شاندار کیچ لیکر عثمان غنی کو پویلن کی راہ دکھائی اور وہ صرف ایک رن کی کمی سے نصف سینچری مکمل نہ کرسکے۔
افغانستان نے مقررہ بیس اوور میں پانچ کھلاڑیوں کے نقصان پر ایک سو ترانوے رن بنا کر زیمبابوے کو جیت کے لیے ایک سو چورانوں کا ہدف دیا تھا۔
زیمبابوے کی ٹیم نے بلے بازی کا آغاز مایوس کن انداز میں کیا اور سلامی کے لیےآنے والے بلے باز ٹناشے پہلی ہی گنید پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے ان کے بعد سین ولیم میدان میں آئے مگر وہ بھی نو رن سے زائد نہ بناسکے۔ افغان گیند بازوں نے حریف کھلاڑیوں پر دباؤ برقرار رکھا اور زیمبابوے کی پوری ٹیم صرف ایک سو اڑتالیس کے اسکور پر ڈھیر ہوگئی۔ زبمبابوے کی جانب سے سب سے زیادہ چالیس رن سین ولیم نے بنائے جبکہ چار کھلاڑی کوئی بھی رن نہ بناسکے۔ افغانستان کی جانب سے رشید تین، نوین اور محمد نبی نے دو دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ ایک ایک وکٹ امیر حمزہ، فرید احمد اور کرم جنت کے حصے میں آی- دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری میچ کل کھیلا جائے گا۔