ٹوکیو اولمپیک میں غیر ملکی شائقین شرکت نہیں کرسکیں گے
فرانسیسی خبررساں ایجنسی اے ایف پی نے بتایا ہے کہ جاپانی حکام نے کورونا وبا کے پھیلاؤ کے سبب، ٹوکیو اولمپک اور پیرا لمپک میں غیر ملکی شائقین کو شرکت کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق جاپانی حکام نے انٹرنیشنل اولمپک اور انٹرنیشنل پیرا اولمپک کمیٹیوں کو اپنے اس فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹوکیو اولمپیک اور پیرا اولمپک مقابلے دیکھنے کے لئے غیر ملکی شائقین کو جاپان میں داخل ہونے کی اجازت دینے کی یقین دہانی نہیں کرائی جاسکتی۔
جاپانی حکام نے کہا ہے کہ کووڈ انیس کی موجودہ صوتحال کے پیش نظر مجبوری کی حالت میں یہ فیصلہ کیا گیا اور جن لوگوں نے پہلے ہی ٹکٹ خرید لئے ہیں ان کے پیسے واپس کردیئے جائیں گے ۔
اس رپورٹ کے مطابق انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی اور انٹر نیشنل پیرا اولمپک کمیٹی نے ایک بیان جاری کرکے جاپانی حکام کے اس فیصلے کا احترام کرتے ہوئے ، اس کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال اولمپک شیڈول کو کورونا کی وجہ سے ایک سال کے لئے ملتوی کردیا گیا تھا۔ اب جاپان کے درالحکومت ٹوکیو میں اولمپک کھیل تیئس جولائی سے اور اس کے ایک مہینے کے بعد چوبیس اگست سے پیرا لمپکس کھیل ہوں گے ۔