Mar ۲۷, ۲۰۲۱ ۱۹:۲۱ Asia/Tehran
  • میانمار میں مظاہرین پر فائرنگ ، سولہ ہلاک

میانمار میں فوجی بغاوت کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں پر فوج کی فائرنگ میں کم سے کم سولہ افراد ہلاک ہوگئے ہیں-

اس رپورٹ کے مطابق سنیچر کو میانمار کے مختلف علاقوں میں لوگوں نے فوجی آمریت کے خلاف مظاہرے کئے ۔

یہ مظاہرے ایسی حالت میں کئے گئے ہیں کہ فوجی جرنیلوں نے مسلح افواج کا دن منایا ۔

میانمار کے فوجی جرنیلوں نے پہلے ہی انتباہ جاری کردیا تھا کہ باہر نکل کے مظاہرہ کرنے والوں کے سر اور پیٹھ میں گولی لگ سکتی ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق میانمار کے دارالحکومت نیپائٹاؤ میں مسلح افواج کے دن کی پریڈ سے خطاب میں سینیئر جنرل من آنگ ہیلائنگ نے بغیر کوئی ٹائم فریم دیئے ملک میں انتخابات کرانے کا وعدہ کیا ۔ انھوں نے کہا کہ فوج جمہوریت کے تحفظ کے لئے عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔

دوسری جانب رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ مختلف شہروں میں فوجی آمریت کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں پر فوجیوں کی فائرنگ میں کم سے کم سولہ افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں ۔

فوج نےجمعے کی شام کو ہی اعلان کردیا تھا کہ لوگ مظاہرے کے لئے باہر نہ نکلیں کیونکہ سیکورٹی دستوں کو حکم دے دیا گیا ہے کہ مظاہرین کو دیکھتے ہی گولی ماردیں۔

ٹیگس