Apr ۰۶, ۲۰۲۱ ۲۲:۲۱ Asia/Tehran
  • امریکہ کو ایران پر عائد تمام پابندیاں ختم کرنی ہی ہوں گي: چین

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے زور دے کر کہا ہے کہ امریکہ کو غیر مشروط طور پر ایٹمی معاہدے میں لوٹنا چاہیے اور اسے ایران کے خلاف تمام غیر قانونی پابندیاں ختم کرنی ہی ہوں گي۔

جاؤ لی جیان نے منگل کے روز اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے ویانا میں ایٹمی معاہدے کے مشترکہ کمیشن کی نشست کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ اس وقت ایران کا ایٹمی معاملہ حساس مرحلے میں ہے اور چین، امریکہ کی جانب سے تمام پابندیوں کے خاتمے اور ایران کی جانب سے ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد کے سلسلے میں مذاکرات کے لیے جے سی پی او اے کے مشترکہ کمیشن کی نشستوں کی حمایت کرتا ہے۔ انھوں نے ایٹمی معاہدے کی بحالی کے بارے میں اس کے فریقوں کے درمیان اتفاق رائے کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ بحران کی اصل وجہ، اس معاہدے سے امریکہ کا یکطرفہ طور پر نکل جانا ہے۔

جاؤ لی جیان نے کہا کہ امریکہ غیر مشروط طور پر ایٹمی معاہدے میں واپس لوٹے اور ایران کے خلاف عائد تمام غیر قانونی پابندیوں کو ختم کرے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کہا کہ امید ہے کہ ایٹمی معاہدے کے تمام فریق امریکہ سے مطالبہ کریں گے کہ وہ پابندیوں کے خاتمے کے لیے طے شدہ اقدامات انجام دے، ایران کے ساتھ ہماہنگي کرے اور ایٹمی معاہدے کی بحالی کے لیے جلد از جلد قدم اٹھائے۔

ٹیگس