Apr ۲۰, ۲۰۲۱ ۲۳:۳۲ Asia/Tehran
  • افریقی ملک چاڈ کے صدر جاں بحق

چاڈ کے صدر مبینہ طور سے باغیوں کے ساتھ ہونے والی ایک جھڑپ کے دوران اپنی جان سے ہاتھ دھوبیٹھے ہیں۔

افریقی ملک چاڈ میں 30 سال سے برسر اقتدار اور گزشتہ روز چھٹی بار ملک کے صدر بننے والے 68 سال ادریس ڈیبی باغیوں سے لڑائی کے دوران جاں بحق ہوگئے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق فوج کے ترجمان جنرل اعظم برماندوہ نے ملک کے صدر ادریس ڈیبی کی ہلاکت کی تصدیق کردی، انہوں نے کہا کہ ادریس ڈیبی ساحل کاؤنٹی میں باغیوں سے فرنٹ لائن میں لڑتے ہوئے ہلاک ہوئے۔

جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر باغیوں سے لڑائی کے دوران شدید زخمی ہوگئے تھے-

صدر ڈیبی کے 37 سالہ بیٹے  جنرل محمد ادریس جو چاڈ ملٹری کونسل کے سربراہ بھی ہیں ملک کے نئے صدر ہوں گے۔  

صدر ادریس ڈیبی کی ہلاکت کے بعد فوج نے پارلیمنٹ تحلیل کرکے 18 ماہ میں انتخابات کرانے کا اعلان بھی کردیا ہے۔

خیال رہے کہ ادریس ڈیبی 1990 میں فوجی بغاوت کے بعد اقتدار میں آئے تھے اور گذشتہ روز چھٹی بار ملک کے صدر منتخب ہوئے تھے۔

ٹیگس