Apr ۲۶, ۲۰۲۱ ۱۰:۵۵ Asia/Tehran
  • انڈونیشیا کی لاپتہ آبدوز کے تمام 53 افراد کی ہلاکت کی تصدیق

انڈونیشین فوجی حکام نے کئی روز بعد آبدوز میں موجود عملے کے تمام 53 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق انڈونیشیا کی لاپتہ آبدوز پانچ روز بعد سمندر کی تہہ سے مل گئی تاہم آبدوز تین ٹکڑوں میں ٹوٹی ہوئی ملی اور آبدوز میں موجود عملے کے تمام 53 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

انڈونیشین بحریہ کے سربراہ یودو مرگونو کے مطابق لاپتہ آبدوز بالی کے سمندر کی تہہ سے ملی۔

واضح رہے کہ بد قسمت انڈونیشین آبدوز بدھ کے روز بالی کے جزیرے کے شمال میں جنگی مشقیں کر رہی تھی کہ اچانک اس کا رابطہ منقطع ہو گیا جس کے بعد وہ لاپتہ ہوگئی۔

آبدوز کی گمشدگی کی اطلاع ملتے ہی بحریہ کے اہلکاروں کی جانیں بچانے کیلئے کارروائی کا عمل شروع کر دیا گیا تھا لیکن اس کا کوئی سراغ نہیں مل رہا تھا۔ اس سلسلے میں انڈونیشین حکام نے آسٹریلیا اور سنگاپور سے بھی مدد کی اپیل کی تھی۔

رائٹرز کے مطابق اس آبدوز کو 1970ء کی دہائی کے آخری برسوں میں بنایا گیا تھا جس کے بعد 2012ء میں اس کی جنوبی کوریا میں دو سال تک مرمت کی گئی۔

ٹیگس