افغانستان، طالبان کے شدید حملے، درجنوں افراد ہلاک اور زخمی
افغانستان سے امریکا کے انخلا کے اعلان کے بعد طالبان نے اس ملک میں حملے تیز کر دیئے ہیں۔
طالبان نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں افغانستان میں 141 جگہوں پر حملے کئے جن میں 157 سیکورٹی اہلکار سمیت 226 افراد ہلاک ہوئے۔
در ایں اثنا افغان حکومت نے بھی دعوی کیا ہے کہ اس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے 100 سے زائد طالبانی جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا ہے۔
پیر کے روز طالبان نے مغربی افغانستان کے ایک اسکول کے پاس بم دھماکہ کیا تھا جس میں 21 افراد زخمی ہوئے تھے جن میں زیادہ تر طلبہ تھے۔
صوبہ فراہ کے طبی شعبے کے سربراہ عبد الجبار شاہیک نے بتایا کہ زخمیوں کو قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کم سے کم 10 زخمی 7 سے 13 سال کی عمر کے ہیں۔ شاہیک نے بتایا کہ تین زخمیوں کی حالت نازک ہے۔
طالبان کے زیادہ تر حملے اروزگان، زابل، قندھار، ننگرہار، بدخشاں اور تخار علاقوں میں ہوئے ہیں۔
امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے افغانستان سے امریکی فوجیوں کی واپسی کے اعلان کے بعد طالبان نے اپنے حملے تیز کر دیئے ہیں۔
گزشتہ 30 دنوں میں طالبان کے متعدد حملوں میں 428 سیکورٹی اہلکار اور عام شہری ہلاک ہوئے ہیں جبکہ 500 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔