صیہونی حکومت اور فلسطینیوں کے درمیان جنگ بندی کا خیرمقدم
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوترش نے فلسطینیوں اور صیہونیوں کے درمیان جنگ بندی کا خیرمقدم کیا ہے -
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوترش نے ایک بیان میں صیہونی حکومت اور فلسطینی استقامتی گروہوں کے درمیان جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری کو فلسطینی عوام کی حمایت اور ان کے اداروں کی فوری و پائیدار تعمیر نو کے لئے ایک منظم اور بھرپور پیکج تیار کرنے کے لئے اقوام متحدہ کے ساتھ بڑے پیمانے پر تعاون کرنا چاہئے ۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے غزہ کو خودمختار فلسطینی مملکت کا اٹوٹ حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اختلافات کو ختم کرنے والی حقیقی جنگ بندی کے لئے کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کرنا چاہئے۔
درایں اثنا یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ جوزف بورل نے بھی صیہونی حکومت کی جانب سے غزہ پٹی میں فلسطینی استقامتی گروہوں کے ساتھ یکطرفہ جنگ بندی قبول کرنے کا خیرمقدم کیا ہے ۔
مغربی ایشیا کے امور میں روس کے صدرمیخائیل بوگدانف نے بھی تحریک حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ہنیہ سے ٹیلی فونی گفتگو میں غزہ کے علاقے میں فلسطینی استقامتی گروہوں اور صیہونی حکومت کے درمیان جنگ بندی کا خیرمقدم کیا ہے ۔